پورا سندھ تباہ وبرباد ہے ، پکاقلعہ سمیت متعدد علاقوں میں کئی دنوں سے بجلی نہیں ہے، انیس قائم خانی

واپڈا کی طرف سے طویل دورانیہ کی نام نہاد لوڈشیڈنگ ہے، بلدیاتی نظام تباہ ہے، میئر کے لوٹ کے قصے عام ہیں، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ پورا سندھ تباہ وبرباد ہے ، پکاقلعہ سمیت متعدد علاقوں میں کئی دنوں سے بجلی نہیں ہے، واپڈا کی طرف سے طویل دورانیہ کی نام نہاد لوڈشیڈنگ ہے، بلدیاتی نظام تباہ ہے، میئر کے لوٹ کے قصے عام ہیں، پی ایس پی آج جمعہ کو پکاقلعہ گراؤنڈ میں جنرل ورکر ز اجلاس منعقد کرے گی۔

وہ پکاقلعہ گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ڈویژنل صدر ندیم قاضی، ضلعی صدر شعیب جعفری، اختر ایوب، رضوان گدی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے، انیس قائم خانی نے کہاکہ 18ویں ترمیم میں بھی ترمیم کی جائے ، ہم چاہتے ہیں کہ صوبوں سے اختیارات ضلع کونسل تک دیئے جائیں تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جاسکیں، انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ کو پکاقلعہ گراؤنڈ میں پاک سرزمین پارٹی ورکر ز اجلاس کرے گی پارٹی چیئرمین سید مصطفی کمال آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، حیدرآباد سمیت دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں کارکن شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں اُن کی پارٹی کلین سوئپ کریگی اور وہ الیکشن پی ایس پی کا الیکشن ہوگا، انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں کی صورتحال بہت خراب ہے ، کچرا اٹھانے کے حوالے سے پچھلے کئی ماہ سے کبھی صوبائی اور کبھی وفاقی حکومت جس طرح مہم چلارہی ہے اور اس میں انہیں ناکامی ہورہی ہے اور پھر وہی مہم چلارہے ہیں اور پھر ناکامی ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

کچرا روزمرہ کا مسئلہ ہے وہ کسی مہم کی بنیاد پر حل نہیں ہوتا ، انہوں نے کہاکہ کراچی والے نہ کسی ہسپتال اور نہ کسی فلائی اوور کا مطالبہ کررہے ہیں بلکہ کراچی کی انتظامیہ سے کہہ رہے ہیں کہ کچرا کیوں نہیں اٹھ رہا ہے، کراچی تو تباہ ہورہاہے لیکن سندھ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد کراچی سے زیادہ تباہ حال ہے، حیدرآباد کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، گٹر ابل رہے ہیں، کچرا اٹھتا نہیں ہے کوئی بڑی سہولت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پورا سندھ تباہ وبرباد ہے ، یہاں لائٹ نہیں ہے ، پکاقلعہ میں کئی کئی دنوں سے لائٹ نہیں ہے، واپڈا کی طرف سے طویل دورانیہ کی نام نہاد لوڈشیڈنگ ہے، بلدیاتی نظام تباہ ہے، میئر کے لوٹ کے قصے عام ہے، سندھ حکومت حیدرآباد کو نظرانداز کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ اس مسئلے کا حل یہ نہیں ہے کہ ہم اس پر خاموش بیٹھ جائیں ، ہم بلدیہ انتظامیہ کیخلاف تحریک کا اعلان کرتے ہیں، جگہ جگہ مظاہرے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ چیئرمینز حکومت کے لوگوں کی کرپشن پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہم نے دورہ کیا وہاں کے لوگ ظلم کی وجہ سے بے چین ہیں۔