ملکی سالمیت اور اسلام کے تحفظ کیلئے آزادی مارچ کریں گے، حافظ حمد اللہ

مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی ساتھ نہ بھی دے تو ان کے سپورٹر ہمارے ساتھ ہیں ، انٹرویو

ہفتہ 21 ستمبر 2019 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) جے یو آئی ایف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے اس بات کر اتفاق کیا تھا جو بھی حکومت بنے گی وہ جعلی ہو گی اور اسے ہٹانے کے لئے تب سے لے کر اب تک ہم نے 15 ملین مارچ کئے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت اب تک بے تحاشہ غلطیاں کر چکی ہے جس سے ملکی سالمیت کو خطرہ لاحق ہے، ان کی غلط پالیسیوں کے باعث خارجہ محاظ پر بھی ریاست ناکام ہوئی ہے معاشی بدحالی سب کے سامنے ہے غریب عوام کی چیخیں نکل چکی ہیں۔

کیا حزب اختلاف کی تمام جماعتیں آپ ساتھ کھڑی ہیں اس سوال کے جواب پر انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا ہے کہ ان کی سیاسی اور اخلاقی حمایت مولانا کے ساتھ رہے گی، اگر یہ لوگ ساتھ نہ بھی دیں تب بھی ان کے اسپورٹر ہمارے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

مذہبی کارڈ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب اقتصادی کونسل کا اعلان کیا تو اس میں میاں عاطف کو بھی رکھا گیا سب کو پتہ ہے کہ وہ کون تھا۔

پی ٹی آئی کی ایک خاتون وزیر نے اسرائیل کو ملک تسلیم کرنے کی بات کی، وزیراعظم امریکہ میں جا کر توہین رسالت میں ملوث خاتون کو رہا کرانے کو فخریہ انداز میں پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اسے ہم نے آزاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا ٹولہ مسلط کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی سالمیت، اسلام اور جمہوریت خطرے میں ہے، ہم تحفظ ناموس رسالت کے نام پر چندہ لے رہے ہیں اور لوگ خوشی سے 100 روپے سے لے کر ہزار روپے تک دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سب کان کھول کر سن لیں ہم اسلام ، جمہوریت اور پاکستان کے تحفظ کے لئے آزادی مارچ کریں گے جو کچھ مجھے نظر آ رہا ہے وہ پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کو نظر نہیں آ رہا۔