کراچی کا ستر فیصد حصہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے،پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی

افسوسناک بات یہ ہے لوگ میتوں کو گندے پانی سے غسل دینے پر مجبور ہیں،عمران شاہ

بدھ 2 اکتوبر 2019 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2019ء) رکن صوبائی اسمبلی سندھ و رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر عمران شاہ کا شہر میں پانی کے سنگین بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ شہری پانی کی فراہمی کے لیے جگہ جگہ سراپا احتجاج ہیں۔ شہر کا ستر فیصد حصہ شہر پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ جن علاقوں میں پانی فراہم کیا جارہا ہے وہ سیوریج ملا پانی ہے۔

میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر عمران علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ افسوسناک بات ہے کہ لوگ میتوں کو گندے پانی سے غسل دینے پر مجبور ہیں۔ سمندر کنارے بسا شہر ہی پانی کی بوند بوند کو ترس گیا ہے۔ حکومت شہریوں کا بنیادی حقوق ہی فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔ پانی زندگی کا لازمی جز ہے، یہ حکومت چاہتی ہے اس شہر میں پانی پر فسادات ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری مجبوراً پانی کے ٹینکرکی خریدنے پر مجبور ہیں۔ سوال تو یہ ہے کہ شہر میں پانی کا بحران ہے تو پانی ٹینکر مافیا کے پاس کہاں سے آتا ہی حکومت اور واٹر بورڈ کی سرپرستی میں ٹینکر مافیا شہر میں راج کر رہا ہے۔ شہری مجبوراً مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ یہ حکومت ایک ناکام حکومت ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ شہرمیں پانی کی عدم فراہمی پر فسادات ہوں۔پانی کی قلت سنگین نوعیت کا مسئلہ اختیار کر گیا ہے۔حکومت سندھ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، شہریوں پر رحم کرے اور ٹینکر مافیا کے خلاف سخت کاروائی کرے۔#