پی ٹی آئی وزراء کا مولانا فضل الرحمن سے رابطہ

مولانا صاحب ملکی حالات ٹھیک نہیں ہیں کچھ رحم کریں۔ وزراء کی مولانا سے دھرنا موخر کرنے کی درخواست

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 7 اکتوبر 2019 10:49

پی ٹی آئی وزراء کا مولانا فضل الرحمن سے رابطہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اکتوبر2019ء) معروف صحافی عمران یعقوب کا کہنا ہے کہ کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ حکومتی لوگوں نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ہے اور انہیں یہ باور کروانے کی کوشش کی ہے کہ چونکہ اس وقت ملکی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔اور بھارت کے ساتھ بھی کشمیر کا مسئلہ چل رہا ہے اس لیے کچھ رحم کریں۔حکومتی شخصیات نے مولانا فضل الرحمن سے کہا کہ اب بے شک دھرنے کو ملتوی نہ کریں لیکن کچھ عرصہ کے لیے اسے موخر کر دیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو بھی اس متعلق اشارہ دیا گیا ہے کہ چونکہ آپ کی بات مولانا سنتے ہیں اس لیے آپ ان کو دھرنا موخر کرنے پر قائل کریں۔

لیکن مولانا اس ایشو پر کسی کی بات ماننے کو تیار نہیں ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہر صورت میں مارچ ہو کر رہے گا۔

(جاری ہے)

معروف صحافی حامد میر نے بھی حکومتی شخصیات کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں انتہائی احتیاط کے ساتھ یہ بتا سکتا ہوں کہ میڈیا یہ بتا رہا تھا کہ شہباز شریف اور بلاول مولانا کو ملنے جائیں گے ، شیخ رشید اور فردوس عاشق بھی دعویٰ کررہے تھے کہ یہ دونوں پارٹیاں مولانا فضل الرحمان کو منا لیں گی۔

لیکن اصل بات یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو وقتی طور پر مصروف رکھا گیا۔ انہو ں نے کہا کہ میں یہ بتا دوں کہ حکومت کے کچھ لوگوں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، حکومتی لوگوں نے مولانا فضل الرحمان سے بدتمیزی کی اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔ اگر ان سے پیارسے بات کی جاتی تو ہوسکتا ہے وہ مان جاتے۔لیکن جب بدتمیزی کریں گے توان کا فیصلہ تبدیل نہیں کرواسکتے۔اس سے قبل ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے بھی کہا تھا کہ کچھ حکومتی وزراء کے بیانات سے لگتا ہے کہ مولانا کے دھرنے کو کامیاب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔