سعودی فلم اگلے آسکر ایوارڈ کی فارن کیٹگری کے لیے نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہو گئی

The Perfect Candidate نامی یہ فلم گزشتہ مہینے وینس کے انٹرنیشنل فلمی میلے میں بھی پیش کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 اکتوبر 2019 11:55

سعودی فلم اگلے آسکر ایوارڈ کی فارن کیٹگری کے لیے نامزدگی کی دوڑ میں ..
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 اکتوبر2019ء) سعودی فلم انڈسٹری گزشتہ چند سالوں کے دوران اتنی تیزی سے پروان چڑھی ہے کہ یہ بین الاقوامی فلم بینوں اور نقادوں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ ایسی ہی ایک سعودی فلمThe Perfect Candidate ہے جسے آئندہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کرد یا ہے۔ سعودی نیوز ویب سائٹ کے مطابق اس فلم کی کہانی سعودی خاتون ڈائریکٹر ھیفا المنصور اور براڈ نیمان نے تحریر کی ہے۔

جبکہ ڈائریکشن بھی ھیفا المنصور کی ہے۔ اس فلم میں سعودی خواتین کی عظمت اور بلند حوصلے کی بات کی گئی ہے۔ یہ فلم اس بار ستمبر میں ہونے والے وینس کے انٹرنیشنل فلمی میلے میں بھی پیش کی گئی تھی، اگرچہ یہ ’گولڈن لائن ایوارڈ‘ تو نہ جیت سکی، مگر نقادوں کی بھر پور توجہ حاصل کرنے میں ضرور کامیاب رہی۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے اس فلم کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس فلم میں میلا الزہرانی نے مریم کا کردار نبھایا ہے جبکہ سارہ نامی لڑکی کا کردار نورہ العوض نے ادا کیا ہے۔ اس فلم کی تمام تر شُوٹنگ سعودی عرب میں ہوئی ہے۔ 101 منٹ کے دورانیے کی اس عربی فلم میں ایک ایسی سعودی خاتون ڈاکٹر کی کہانی بیان کی گئی ہے جو اپنی ترقی کی راہ میں حائل پسماندہ سوچ اور سماجی رویوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیتی ہے۔ڈائریکٹر ھیفا المنصوراس سے قبل2012ء میں بھی ’وڈ جڈا ‘ نامی فلم بنا چکی ہیں۔جو آسکر ایوارڈ میں بھی پیش کی گئی۔ ھیفا المنصور سعودی خواتین کی عظمت اور محنت کو روشناس کروانے کے لیے فلموں کا میڈیم استعمال کرنے کے باعث خاصی شہرت حاصل کر چکی ہیں۔