نواز شریف نے شہباز شریف سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا

ہمیں شہباز شریف پر بالکل بھی بھروسہ نہیں ہے۔ ن لیگی کارکنان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 اکتوبر 2019 14:25

نواز شریف نے شہباز شریف سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2019ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پارٹی صدر شہباز شریف سے آج ملاقات ہونا تھی جو مؤخر ہو گئی ہے اور ملاقات میں تاخیر کی وجہ شہباز شریف کی کمر میں تکلیف بتائی جا رہی ہے۔ تاہم باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف سے ملاقات کرنے سے انکار کیا ہے۔ شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے کارکنان نے اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں شہباز شریف پر بھروسہ بالکل بھی نہیں ہے نوازشریف شہباز شریف کو دھرنے کے اعلان کا کہیں گے اور ہو سکتا ہے کہ وہ باہر آ کر کہہ دیں کہ نوازشریف نے آزادی مارچ اور دھرنے سے منع کردیا ہے لہٰذا کیپٹن (ر) صفدر اور پرویز رشید میاں نوازشریف سے ملاقات کرکے اسلام آباد لاک ڈاؤن اور دھرنے کا اعلان کریں۔

(جاری ہے)

ن لیگی کارکنان نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہباز شریف جب نواز شریف کی وطن واپسی پر ائیرپورٹ نہیں پہنچ سکے تو وہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد اصل بات کہاں بتائیں گے۔ کارکنان نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف کی بجائے پارٹی کے دیگر قائدین نواز شریف سے ملیں اور اعلان کریں۔ یاد رہے کہ قبل ازیں مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی جس کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں بھرپور شرکت کی مخالفت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کرنے کے بجائے ہمیں اپنے احتجاج کا پروگرام بنانا چاہئیے۔ شہباز شریف نے اجلاس کے دوران اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نہایت قابل احترام ہیں تاہم موجودہ دھرنے اور احتجاج کا کریڈٹ مولانا فضل الرحمان کو جائے گا لہٰذا ہمیں اس میں شرکت نہیں کرنی چاہئیے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کا حتمی فیصلہ پارٹی سربراہ نواز شریف ہی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو دھرنے میں شرکت کے حوالے سے ہدایات کی ہیں اور مولانا فضل الرحمان کو دھرنے میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی بھی سختی سے ہدایات جاری کی ہیں۔