گورنر سندھ سے عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، وار اینڈ اسٹاف کالج کے 23رکنی وفد کی ملاقات

ملک میں ثقافتی ، معاشی ، ترقیاتی کاموں سمیت دیگر سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں،بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے ،عمران اسماعیل

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 19:17

گورنر سندھ سے عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، وار اینڈ اسٹاف کالج کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بریگیڈیئر خالد عبدالحسین حسن کی قیادت میں عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، وار اینڈ اسٹاف کالج کے 23رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہت حد تک بہتری آئی ہے جبکہ ملک میں ثقافتی ، معاشی ، ترقیاتی کاموں سمیت دیگر سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ سمیت ملک بھر میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہواہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہا مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے اس ضمن میں پوری مسلم امہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عراق اور اس کے دارالحکومت بغداد کی اسلامی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت ہے، پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور عراق عظیم تاریخی اور مذہبی روابط کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں جس نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعلقات کو مزید گہرا کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عراق میں موجود مذہبی مقامات ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر سال پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے عراق جاتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین فوجی اور اقتصادی تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان عراق کے ساتھ تجارت ، تعلیم اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین فوجی و تجارتی وفود کے تبدلوں سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ ملاقات میں بریگیڈیئر خالد عبدالحسین حسن نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان بڑے دیرینہ ثقافتی، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان کے دورے سے بے شمار یادگار لے کر جارہے ہیں۔ بریگیڈیئر خالد نے گورنر سندھ کی مہمان نوازی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بریگیڈیئرخالد عبدالحسین حسن نے عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی جانب سے گورنر سندھ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔