Live Updates

افغانستان میں حالیہ تشدد اور دھماکوں کی لہر پاکستان میں نئے مہاجرین کے داخلے کا سبب بن سکتی ہے، شہریارخان آفریدی

عمران خان کی گلوبل ریفیوجی فورم میں شرکت کیلئے جنیوا آمد پر شاندار استقبال کرینگے،ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈی کی گفتگو

اتوار 13 اکتوبر 2019 16:40

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈی سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں مہاجرین کی بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر شہریارخان آفریدی نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ تشدد اور دھماکوں کی لہر پاکستان میں نئے مہاجرین کے داخلے کا سبب بن سکتی ہے، افغانستان میں حالیہ تبدیلیوں کے باوجود پاکستان افغان مہاجرین کی امداد اور فلاح و بہبود کا عمل جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مہاجرین کیلئے پاکستان کی جانیوالی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو این ایچ سی آر کو مہاجرکیمپوں میں صحت، تعلیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہونگے۔

(جاری ہے)

یو این ایچ سی آر کی افغان مہاجرین کیلئے مختص رقم میں کمی سے پاکستان میں متعین یو این ایچ سی آر کی مہاجرین کی فلاح و بہبود کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی انسانی حقوق کیلئے لگن اور کمٹمنٹ کے باعث لاکھوں مہاجرین کو بنک اکاؤنٹس کی سہولت دی گئی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے باعث وزیراعظم عمران خان نے گلوبل ریفیوجی فورم کا مشترکہ کنوینر بننا قبول کیا۔ یو این ایچ سی آر کو مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے کوششیں تیز تر کرنا ہونگی۔

تمام شراکت داروں کو مہاجرین کے میزبان علاقوں میں ترقی اور بہبود کے پراجیکٹس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو مہاجرین کے نام پر کسی امداد کی ضرورت نہیں تاہم بین الاقوامی برادری مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ مہاجرین کی امداد میں جرمنی اور اٹلی کی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈی کا پاکستان کی چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ میزبانی اور امداد کا اعتراف. فلپو گرانڈی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی گلوبل ریفیوجی فورم میں شرکت کیلئے جنیوا آمد پر شاندار استقبال کرینگے۔

عمران خان کی آمد کے منتظر ہیں۔ افغان مہاجرین کی امداد کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں تاکہ افغان مہاجرین کی امداد کیلئے زیادہ سے زیادہ ریسورسز کو موبلائز کیا جاسکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات