والدین کی بھرپور حوصلہ افزائی سے طویل عرصہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی،اسماویہ اقبال

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:15

ملتان ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) پاکستان خواتین کر کٹ سلیکشن کمیٹی کی رکن اور 13برس پاکستانی ٹیم کی نمائندگی اور ورلڈ ٹی 20 میں دنیا کی پہلی بائولنگ ہیٹرک کا اعزاز رکھنے والی ملتان کی اسماویہ اقبال نے کہا ہے کہ والدین کی بھرپور حوصلہ افزائی سے طویل عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی اور اب اپنے سسر ہمایوں مزمل اور ساس رخسانہ مزمل کی مکمل سپورٹ سے قومی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کیلئے خدمات انجام دے رہی ہوں۔

(جاری ہے)

ایم سی سی نواں شہر گرائونڈ پر قومی خواتین ایمرجنگ کیمپ کے آزمائشی میچ کے اختتام پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اسی ایم سی سی گراؤنڈ سے کرکٹ کھیلنا شروع کی۔طویل عرصہ قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔ میرے دور کے مقابلے میں آج گرلز کیلئے کھیلنے اور آگے بڑھنے کے کہیں زیادہ مواقع ہیں۔ کرکٹ بورڈ کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے کہ اب والدین اپنی بیٹیوں کو کرکٹ کی طرف لانے کیلئے پی سی بی پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور نجی شعبہ کی طرف سے خواتین لیگ بھی کامیابی سے کرائی جا رہی ہے۔