نارملائزیشن کمیٹی الیکشن میں ہاتھ بلند کرکے ووٹ دینے کی فرسودہ روایت ختم کرے،سابق قومی کھلاڑی

فیفا کے فیصلوں اور آئین و قانون تسلیم نہ کرنے والے تاحیات پابندی کے مستحق ہیں،سلیم عارف

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) سابق قومی کھلاڑی سلیم عارف اور معروف آرگنائزر و سرپرست اعلیٰ گلستان فرینڈز حاجی احمد علی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی اور پی ایف ایف کے قائم مقام صدر حمزہ خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ماضی میں ہاتھ بلند کرکے ووٹ دینے کی فرسودہ روایت کو ختم کریں کیونکہ اس طرح کوئی بھی ووٹر آزادی کے ساتھ اپنا رائے دہی استعمال نہیں کر سکتا کیونکہ امیدوار اور ووٹر آمنے سامنے ہوتے ہیں اس لئے ووٹر دبائو میں یا مجبوری کے تحت ووٹ کاسٹ کرتا ہے ضرورت اس بات کی ہے الیکشن میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا جائے تاکہ کوئی بھی ووٹر دبائو، مصلحت،مجبوری اور تعلقات کی بنیاد پر ووٹ کاسٹ کرنے میں آزاد ہو اس طرح صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے گا سابق قومی فٹبال کھلاڑی سلیم عارف نے مزید کہا کہ پچھلی16سال سے پی ایف ایف پر قابض لوگ وہ گدھ ہیں جنہوں نے فیڈریشن کو نوچ نوچ کر کھایا ہے اور پاکستان فٹبال کی رینکنگ کو اوپر کے بجائے زمین پر لے آئے ہیں،یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے فٹبال کے لوکل کلبس کے لئی16سال کے عرصے میں ایک جنرل فٹبال لیگ تک کا انعقاد نہیں کیا وہ کس منہ سے فٹبال کی بہتری اور ترقی کی بات کر سکتے ہیں جب تک ان لوگوں کا ذاتی مفاد رہا انہوں نے فیفا کے ہر فیصلے کو تسلیم کیا اور جب ان کی کرپشن اور بد عنوانیاں کھل کر سامنے آئیں تو فیفا نے پاکستان کی فٹبال کو درست ٹریک پر لانے کے لئے سخت فیصلے کئے تو انہوں نے فیفا کے فیصلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور اپنے چند حواریوں کے ساتھ مل کر احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔

(جاری ہے)

ضرورت اس بات کی ہے کہ فیفا ان کا کڑا احتساب کرے اور فیفا کے آئین و قانون کے مطابق فیصلوں کو تسلیم نہ کرنے پر ان تمام لوگوں پر تا حیات پابندی لگائے تاکہ پاکستان کی فٹبال درست سمت پر گامزن ہوسکے۔