آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے حکمت عملی ترتیب دیدی، پولیس لائن میں اہلکاروں کی ریہرسل مکمل کرلی گئی

پیر 14 اکتوبر 2019 18:05

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے آبائی حلقہ میں ’’اسلام آباد آزادی مارچ‘‘ سے نمٹنے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دیدی، مظاہرین سے نمٹنے کیلئے نئی جدید اینٹی لائٹ کٹس، نئی گیس گن، لانگ رینج شیل، سموگ گرنیڈ سمیت دیگر سامان مختلف تھانہ جات اور ڈیرہ پولیس میں تقسیم ، ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کی نگرانی میں پولیس لائن میں اہلکاروں کی ریہرسل مکمل کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ۔ ڈیرہ پولیس حکام کی جانب سے اس سلسلے میں اعجاز شہید پولیس لائن میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لیاقت علی کی نگرانی میں پولیس کو مظاہرین کومنتشر و کنٹرول کرنے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید سازو سامان سے لیس ہوکر ریہرسل کرائی گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح مختلف تھانہ جات اور ڈیرہ پولیس میں مظاہرین سے نمٹنے کیلئے نیا جدید سامان بھی تقسیم کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مشتعل مظاہرین کو کنٹرول اور منتشر کرنے کیلئے 440نئی جدید اینٹی لائٹ کٹس، 149نئی گیس گن، 2576لانگ رینج شیل، 83سموگ گرنیڈ ، 1826شارٹ رینج شیل، 840ربڑ کارتوس، 183سٹینڈ گرنیڈ ، 1171پولو سٹک، 140انٹی لائٹ سوٹ اور300سپر بارہ بور کارتوس ودیگر سامان شامل ہے۔