ایف اے ٹی ایف میں دہشتگردی کیخلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی‘چوہدری محمدسرور

کشمیر یوں کی آزادی کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ ہر قر بانی دینے کو تیار ہے اور دنیا بھر میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑ یں گے‘گورنر پنجاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:29

ایف اے ٹی ایف میں دہشتگردی کیخلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف بھارت کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں دہشتگردی کیخلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ۔بھارت جب بھی پاکستان کیخلاف شرارت کر یگا اس کوبھر پور جواب ہی ملے گا۔پاکستان کی مسلح افواج اور عوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔کشمیر یوں کی آزادی کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ ہر قر بانی دینے کو تیار ہے اور دنیا بھر میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑ یں گے۔

وہ گور نر ہائوس لاہور میں لندن سے آنیوالے آل جماعتی حر یت کانفر نس کے عبد الحمید لون کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے کشمیر یوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارتی حکومت اور انکی فوج بے گناہ کشمیر یوں کی نسل کشی اورخواتین کے ساتھ ظلم وزیادتی کر کے دنیا کی بدتر ین دہشت گردی کر رہی ہے مگر اسکے باوجودکشمیر یوں کا جذبہ کم نہیں ہو رہا بلکہ ہر گزرتے دن کیساتھ کشمیر یوں کا جذبہ اور تحر یک آزادی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے ، ہم کشمیر ی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ خون کے آخری قطرے تک ان کے کیساتھ ہیں۔گورنر نے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں ہونیوالی بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور اس بھارتی دہشت گر دی کو کل نہیں آج ہی بند ہونا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیان سے آر ایس ایس کی سوچ رکھنے والی بھارتی حکومت کے عزائم بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن بھارت سن لیں ہماری امن کی خواہش کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے بھارت کو ہر محاذ پربھر پور جواب دیا جائیگا اور دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔