اینٹی کرپشن ٹیم کی کارروائی ، چک نمبر 46 گ ب تحصیل سمندری میں سات کینال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) :ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کی ہدایات پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد ریجن عمران رضا عباسی نے سورس رپورٹ پر کارروائی کی نگرانی کرتے ہوئے چک نمبر 46 گ ب تحصیل سمندری میں سات کینال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرالی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ریونیو ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور جائزہ کے بعد معلوم ہوا کہ مبینہ طور پر سابق مسلم لیگی وزیر چوہدری عابد شیر علی کے بہنوئی قیصر ادریس نے محکمہ جنگلات کے سرکاری رقبے پر ناجائز ڈیرہ اور فارم ہائوس بنا رکھا ہے جس پر سرکل آفیسر ناصر عباس کی سربراہی میں اینٹی کرپشن کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان اور پولیس پارٹی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے سرکاری زمین پر تعمیر شدہ عمارت کو مسمار کر دیا اور زیر قبضہ سرکاری زمین کو واگزار کراکے محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا ۔

مزید محکمانہ کارروائی کی جاری ہے۔