پی ایس گیارہ کے ضمنی انتخابات ، ویڈیو سامنے آئی ہے ، تحقیقات کر کے متعلقہ حکام کو بتائیں گے ، بلاول بھٹو زر داری

جمعہ 18 اکتوبر 2019 20:08

پی ایس گیارہ کے ضمنی انتخابات ، ویڈیو سامنے آئی ہے ، تحقیقات کر کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ایک ویڈیو میرے نوٹس میں لائی گئی ہے، میں نے اپنی پارٹی سے کہا ہے کہ اس ویڈیو کی تحقیقات کریں اور پھر الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ حکام کو بتائیں۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہاکہ ویڈیو میں پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی اہل کار ووٹ شمار کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ویڈیو میں واضح ہے کہ سیکیورٹی اہل کار پولنگ اسٹیشن نمبر 11 شیخ زید محلے میں بیلٹ باکس کھول کر ووٹ نکال رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ویڈیو کے مطابق لاڑکانہ میں سیکیورٹی اہل کار پرائذیڈنگ آفیسرز اور پولنگ ایجنٹس کی عدم موجودگی میں بیلٹ باکس کھول کر ووٹ شمار کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے خواتین ووٹرز کو ہراساں کرتے ہوئے انہیں جی ڈی اے کو ووٹ ڈالنے پر اصرار کی ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔