مسلح ڈاکو نے ڈکیتی کے دوران بوڑھی خاتون کے پیسے لینے سے انکار کر کے اُن کا منہ چوم لیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 21 اکتوبر 2019 23:33

مسلح ڈاکو نے ڈکیتی کے دوران بوڑھی خاتون کے پیسے لینے سے  انکار کر کے ..

عام طور پر چور اور ڈاکو اتنے زیادہ مہربان نہیں ہوتے کہ لوگ انہیں اُن کی مہربانی کی وجہ سے پسند کرنے لگیں لیکن ایک  ڈکیتی کی وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والے ڈاکو کو انٹرنیٹ صارفین اُس کی مہربانی کی وجہ سے کافی پسند کر رہے ہیں۔ برازیل کی ایک فارمیسی میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کے دوران جب وہاں موجود خاتون نے اپنی رقم بھی ڈاکو کو دینا چاہی تو ڈاکو نےاُن کی رقم لینے سے انکار کر کے  اُن کا منہ چوم لیا۔

اس دوران ڈاکو کا ساتھی  فارمیسی سٹور لوٹتا رہا۔

منگل کو شمال مشرقی برازیل کے امارانتے شہر کی ایک فارمیسی میں دو ڈاکو داخل ہوئے۔ فارمیسی کے مالک سیموئل المیڈیا کے مطابق  دونوں ڈاکو شام کو 5 بجے فارمیسی میں داخل ہوئے اور ڈکیتی کا اعلان کر دیا۔اس  وقت فارمیسی میں ایک ملازم اور قریب رہنے والی ایک بوڑھی خاتون موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ڈاکوؤں نے فارمیسی کے ملازم کو ساری رقم حوالے کرنے کا کہا۔

اس پر بوڑھی خاتون نے بھی اپنے پاس موجود رقم انہیں دینے کی پیش کش کی۔ اس پر ایک ڈاکو نے اُن سے رقم لینے سے انکار کر دیا اور اُن کا منہ چوم لیا۔ ڈاکو نے بوڑھی خاتون  کو کہا کہ میم آپ خاموش رہ سکتی ہیں، مجھے آپ کی رقم کی ضرورت نہیں۔ ڈاکو فارمیسی سے ایک ہزار ڈالر مالیت  نقدی اور اشیا لے کر فرار ہوئے۔ملٹری پولیس نے ڈکیتی کے بعد علاقے کی تلاشی  لی  لیکن انہیں کوئی مشکوک آدمی نہیں ملا۔ 

ڈکیتی کی یہ ویڈیو کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی۔ صارفین نے اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔ اس سال مارچ میں ایک دوسرے چور نے بھی اپنی شکار کی رقم اس وقت واپس کر دی، جب اس نے شکار کا بنک بیلنس چیک کیا۔