نامور صحافی ، بلند پایہ خطیب ، معروف سیاستدان اور عاشق رسولؐ آغا شورش کاشمیری کی 44ویں برسی جمعہ کو منائی جائے گی

منگل 22 اکتوبر 2019 12:51

نامور صحافی ، بلند پایہ خطیب ، معروف سیاستدان اور عاشق رسولؐ آغا شورش ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) نامور صحافی ، بلند پایہ خطیب ، معروف سیاستدان اور عاشق رسولؐ آغا شورش کاشمیری کی 44ویں برسی 25اکتوبر بروز جمعہ کوانتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں آغا شورش کاشمیری کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

اس موقع پر مختلف شہرو ںمیں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔ آغا شورش کاشمیری کی شخصیت بے پناہ خوبیوں اور صلاحیتوں سے بھر پور تھی۔ انہوںنے سیاسی زندگی کا آغاز انگریز دور میں اس وقت کیا جب وہ پورے غرور اور تکبر کے ساتھ بر صغیر پا ک و ہند پر مسلط تھا ۔ آغا شورش کاشمیری اسلام کے شیدائی اور محسن کائنات ؐ کے باکمال فدائی تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری سے انداز فکر و عمل اور دینی و سیاسی خطابت کا رنگ حاصل کیا ۔ وہ شاعر مشرق کی دل آویز شخصیت سے بھی بے حد متاثر تھے ۔ انہوںنے جیلوں کی صعوبتیں بھی برداشت کیں مگر جنگ حریت و آزادی ملک کیلئے کسی جھکائو کا مظاہرہ نہ کیا ۔ ان کی جدو جہد کی جھلک ان کی کتاب پس دیوار زنداں سے بخوبی مل سکتی ہے۔ انہوںنے 1949ء میں چٹان نامی جریدے کا بھی اجراء کیا اور حق گوئی کے پیغام کو عام کرتے رہے۔

انہوںنے ہر دور میں جمہوریت کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ۔ حتیٰ کہ ذوالفقار علی بھٹواصولی اختلاف کے باوجود شورش کاشمیری کو اپنا بڑا بھائی کہتے تھے ۔ یہاں تک کہ ذوالفقار علی بھٹو نے انہیں گورنر پنجاب بنانے کی بھی پیشکش کی لیکن آغا شورش کاشمیر ی نے برجستہ معذرت کرلی۔ مرحوم 25اکتوبر 1975ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشرکریگا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔