مولانا کا آزادی مارچ ذاتی مفادات و خواہشات کی تکمیل کا مارچ ہے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 22 اکتوبر 2019 17:18

مولانا کا آزادی مارچ ذاتی مفادات و خواہشات کی تکمیل کا مارچ ہے، ڈپٹی ..
لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ مولانا کا آزادی مارچ دراصل ذاتی مفادات اور خواہشات کی تکمیل کا مارچ ہے اس کا نام آزادی مارچ نہیں بلکہ مفاداتی مارچ ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی ضلع راجن پور میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور دوسری اپوزیشن جماعتیں انتشار کی سیاست سے باز رہیں، حکومت سے مذاکرات کریں اور جمہوری روایات کے مطابق مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اپنائیں اور ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح نہ دیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ یہ وقت قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ یکجہتی و اتحاد کو فروغ دینے کا ہے تاکہ مظلوم کشمیری عوام کے حق میں اٹھائی جانے والی آواز میں تمام پاکستانیوں کی آواز شامل ہو، حکومت احتجاج یا کسی مارچ سے خوفزدہ نہیں اور نہ ہی اپوزیشن کا یہ حق چھیننا چاہتی ہے لیکن اگر احتجاج کی آڑ میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی اور اس سے امن کا خطرہ پیدا ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا اور حالات کو سازگار رکھنے کے لیے حکومت قانون اور آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے ہر راستہ اپنائے گی اس لیے اپوزیشن کو چاہیے کہ سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں۔