صوبائی حکومت صنعتکاروں کے لیے سازگار ماحول کے لیے کوشاں ہے،عبدالکریم خان

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:25

ایبٹ آباد۔23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برا ئے صنعت عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صنعتکاروں کے لیے صوبے میں سازگار ماحول کے لیے کوشاں ہے۔آنے والا وقت صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کا ہوگا اور صوبے میں سیاحت اور صنعت کے شعبے میں خاصی ترقی آئے گی ۔ پہلا قدم جو ہزارہ ڈویژن کے صدر مقام ایبٹ آباد سے شروع کیا ہے اسکی اصل وجہ ہزارہ ڈویژن سی پیک کا گیٹ وے ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کامسیٹ یونیورسٹی ایبٹ آباد میں پہلی قومی نیشنل تین روزہ اکنامک ڈویلپمنٹ کانفرنس ہزارہ ڈویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکر ٹری انڈ سٹری اینڈ کامر س عامر لطیف ،کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام ،پی ٹی آئی رہنمایوسف ایوب خان ،پارلیمانی سیکر ٹری کامرس شہزادہ گلزار خان، منور گل پراجیکٹ ڈائر یکٹر ،سی ای او مسٹر حسین دائودبٹ اور وائس پریزیڈنٹ ایف پی سی سی آئی اور کانفرنس کے روح رواحاجی افتخار نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ سہ روزہ سیمینار ہزارہ ڈویژن کی معاشی ترقی کے حوالے سے وفاقی چیمبر آف کامرس، کامسیٹ یونیورسٹی، اور اقتصادی اور معاشی بحالی کے ادارے ERKF کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے ۔ سیمینار میںمعززین ،ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے علاوہ طلباء نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی عبدالکریم نے مزید کہا کہ ہزارہ ڈویڑن معدنی دولت سے مالا مال ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس خزانے کو نئے آئیڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کے بدولت استعمال میں لا کر صوبے کی معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکے ،چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور CPEC کی وجہ سے ہزارہ ڈویژن اس کی جنکشن پر واقع ہے اب ہمیں چاہیے کہ یہاں پر مختلف قسم کے صنعتی یونٹ لگائے کیونکہ یہاں پر ہر قسم کی خام مال وافرمقدار میں دستیاب ہیں،صوبائی حکومت صنعتی پالیسی میں ضروری ترامیم لاری ہے جس کی بدولت صنعت کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے جس کے کافی اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں حطارانڈسٹریل اسٹیٹ میں مختلف یونٹ لگ رہے ہیں جس میں فاطمہ گروپ اور FWO سیمنٹ کے یونٹ لگا رہے ہیں جس کی بدولت ہزارہ ڈویڑن میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے گے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ صوبے کے پرامن اور حکومت کی شاندار معاشی پالیسی سے فائدہ اٹھائیں اور صوبے میں سرمایہ کاری کریں۔سابق صوبائی وزیر بلدیات یوسف ایوب خان کا کہناتھا قیام پاکستان سے اب تک سی پیک بڑا میگا پراجیکٹ ہے کہا ہے کہ سی پیک سے جتنا فائدہ بھی لے سکیں لینا چائیے، اکنامک زون کے تین بڑے ہائیڈرو پاور کے منصوبے ہزارہ میں ہیں پہلا آئی ٹی پارک ہری پور میں بنایا جارہا ہے جس کے لئے اراضی کی فراہمی ہوچکی ہے اس سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ ہزارہ سی پیک کا گیٹ وے ہے یہاں کے علاقے قدرتی وسائل سے مالا مال ہیںاسی کی بنیاد پر انڈسٹری کو فروغ دینگے ترقی یافتہ ممالک نے اپنی سرحدیں کھول کے بہترین دماغ حاصل کئے جس سے وہ آسمان اور زمین کو یک جان کرنے میں کوشاں ہیں،دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے برابری کی سطح پر آنا ہوگا،کمشنر سید ظہیر اسلام نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اعلی سے اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں،انہوں ہزارہ موٹر وے کو فروری میں کھولنے کا اعلان کیاانہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر یقین پیدا کرنے کی ضرورت ہے کامیاب انڈسٹری کے سنجیدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔

آخر میں معاون خصوصی نے اس کانفرنس کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی اس کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس صوبے میں معاشی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے اور آئندہ کانفرنس کا انعقاد CPEC کے دوسرے جنکشن ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد کی جائے۔آخر میں مہما ن خصوصی نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئیں۔