Live Updates

باحجاب مغربی خواتین کو قتل ہوجانے کا خوف

مغرب میں بڑھتے اسلاموفوبیانے ہر طرف خوف پھیلا دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 24 اکتوبر 2019 05:51

باحجاب مغربی خواتین کو قتل ہوجانے کا خوف
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2019ء)   اسلاموفوبیا مغرب میں کچھ اس تیزی سے بڑھ رہا ہے کہ ہر طرف اس کی گونج سنائی دیتی ہے۔گزشتہ ماہ یواین او کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا سے متعلق بات کی تھی۔انہوں نے مغربی میڈیا کو دیے گئے اپنے انٹرویوز میں بھی اس باتک کاکھل کر اظہار کیا کہ خو دساختہ اسلاموفوبیا درست نہیں اور مغرب والوں کو مسلمانوں کے حوالے سے اپنے آئیڈیاز اور خیالات کو درست کرنا ہو گا۔

اسلاموفوبیا کی وجہ سے اب برطانیہ میں بھی مسلم خواتین جو باحجاب رہتی ہیں خوف کا شکار ہیں اور انہیں ایسے محسوس ہوتا ہے کہ شدت پسند گورے اسے کسی بھی وقت قتل کر دیں گے۔ برطانیہ میں حجاب پہننے والی مسلم خواتین کو خدشہ ہے کہ اسلامو فوبیا بڑھنے کی وجہ سے انہیں بھی سابقہ برطانوی رکن پارلیمنٹ جو کوکس کی طرح سڑک پر قتل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ویلز سے تعلق رکھنے والی ایک مسلمان خاتون سحر نے بتایا کہ وہ حجاب پہننے کی وجہ سے خوف زدہ رہتی ہیں، سحر نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ ناراض سفید فام مرد اپنی نفرت کو مسلمان خواتین تک پھیلا سکتے ہیں۔

سحر نے کہا کہ جب سے بورس جونسن نے ٹیلی گراف میں مسلمان خاتون کے لیے لیٹر بکس کا لفظ استعمال کیا ہے تب سے انہیں سفید فام شدت پسندوں کی جانب سے اسی لفظ سے پکارا جاتا ہے۔سحر کا کہنا تھا کہ ملازمت پیشہ افراد زیادہ تر سفید فام ہیں، وہ غصہ میں ہیں اور اپنا غصہ مسلم خواتین پر اتارنا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس چیز کا مجھے سب سے زیادہ خطرہ ہے وہ جوکوکس کی طرح سڑک پر مارے جانے کا ہے۔

سحر نے پروگرام کے دوران بتایا کہ بطور مسلمان خاتون کے لیے یہاں رہنا آج کل آسان نہیں، خصوصاً اس وقت جب کوئی آپ کو داعش جیسی تنظیم سے تشبیہ دیتا ہو۔انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا خاتون سے نفرت کی ایک قسم بھی ہے، میرا مطلب ہے کہ اس کے زیادہ تر قصور وار سفید فام آدمی ہی ہیں۔اس پرگرام کے دوران ایک ویڈیو کلپ بھی چلایا گیا جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ایک سفید فام خاتون، باحجاب مسلمان خاتون پر چلا رہی ہے، اسے داعش کی کارندہ قرار دے رہی ہے اور اسے نقصان پہنچانے کی دھمکی بھی دے رہی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات