حیدرآباد، فوڈ پوائزنگ سے اسکول کے 42 بچے اسپتال داخل

42بچے اسپتال لائے گئے تھے اور اس وقت 19 بچے داخل ہیں تاہم بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ایم ایس سول اسپتال

جمعہ 25 اکتوبر 2019 16:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2019ء)حیدرآباد میں ہالہ ناکہ کے قریب ناشتہ کرنے سے اسکول کے 42 بچوں کی حالت خراب ہوئی،جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔تمام بچے مدرسے کے طالبعلم ہیں جن کی عمریں 4 سال سے 8 کے درمیان ہیں۔سول اسپتال کے ایم ایس مبین میمن نے بتایا کہ کل 42 بچے اسپتال لائے گئے تھے اور اس وقت 19 بچے داخل ہیں تاہم بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ بچوں نے ڈبل روٹی اور انڈا کھایا جس کے تین گھنٹے کے بعد الٹیاں شروع ہوگئیں۔ ہوسکتا ہے کچھ کھانے پینے میں کوئی زہریلی چیز شامل ہو لیکن ہم نے حیدرآباد انتظامیہ کو رپورٹ کر دی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجی اسکول کے ایڈمن نے بتایاکہ بچوں کو ناشتہ کرنے کے بعد الٹیاں ہوئی تھیں لیکن اب بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دو تین بچوں کی طبعیت خراب ہوئی تھی جب کہ باقی بچوں کو ہم احتیاط کے طور پر لائے ہیں بہرحال ایسی کوئی بات نہیں ہے۔