اس خوفناک بھوت گھر کی مکمل سیر کرنے والے کو 30 لاکھ روپے انعام ملے گا

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 27 اکتوبر 2019 23:52

اس خوفناک بھوت  گھر کی  مکمل سیر کرنے والے کو 30 لاکھ روپے  انعام ملے گا

میککامے مینور کے مالکان نے اسے دنیا کا خوفناک ترین  بھوت گھر قرار دیا ہے۔اُن کا وعدہ ہے کہ جو بھی اس خوفناک بھوت گھر کی سیر مکمل کرے گا اور زندہ بچ جائے گا اسے 20 ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔

بہت سے بھوت گھر  دنیا کا خوفناک ترین بھوت گھر ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن میککامے مینور جانے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعی دنیا کا خوفناک ترین بھوت گھر ہے۔

میککامے  مینور کے مالکان کو اس  کے خوفناک ہونے کا اتنا زیادہ یقین ہے کہ انہوں نے اس کی سیر مکمل کرنے والوں کے لیے 20 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔اس بھوت گھر کی سیر مکمل ہونے میں 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اس سیر سے لوگوں کی جسمانی اور ذہنی حالت خراب ہو سکتی ہے۔

اس بھوت گھر کی سیر کرنے والوں کو سیر کرنے سے پہلے ایک معاہدے پر دستخط کرنے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ معاہدہ 40 صفحات پر مشتمل ہے۔ معاہدے کے مطابق بھوت گھر میں جانے والے اگر ایک مخصوص فقرہ بولیں گے تو ہی انہیں  سیر ختم ہونے سے پہلے باہر آنے کی اجازت ہوگی ورنہ  بھوت گھر کے بھوت اپنا کام کرتے رہیں گے۔اس کے علاوہ اس  بھوت گھر کی سیر کرنے والوں کی عمر 21 سال سے زیادہ ہونی چاہیے، اُن کی میڈیکل انشورنش ہونی چاہیے اور اُن کی جسمانی حالت بھی ٹھیک ہونی چاہیے۔

بھوت گھر کی سیر کرنے والوں کو پہلے 2 گھنٹے کی And Then There Were None نامی  ایک معلوماتی فلم دیکھنی پڑتی ہے، اس  فلم میں بھوت گھر میں جانے والوں کے لیے تمام معلومات ہوتی ہیں۔

میککامے مینور کے مالک رس میککامے نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف انعام جیتنے کے لیے اس بھوت گھر کی سیر نہ کریں کیونکہ یہ بھوت گھر انہیں چبا کر تھوک دے گا۔اُن کا کہنا ہے کہ وہ بھوت گھر کی سیر کرنے والوں کو تمام معلومات دیتے ہیں۔

انہیں بتاتے ہیں کہ فلاں مقام پر آگے جانے کی چابی ہوگی۔اُن کا کہنا ہے کہ ایک دفعہ کھیل شروع ہونے کے بعد یہ سب چیزیں یاد رکھنا کافی مشکل ہے۔

اس بھوت گھر میں آنے والوں کو خوفناک آوازیں اور اداکارچھلانگ لگا کر تنگ کرتے ہی ہیں لیکن  میککامے مینور میں  ایک اور دلچسپ اضافہ سزاؤں کا ہے۔ یہاں  سیر کرنے والوں کے چہروں پر زندہ  حشرات پھینکے جاتے ہیں، انہیں  خون جیسے محلول میں ڈبویا جاتا ہے اور بہت سی پاگل کرنے والی سزائیں دی جاتی ہیں۔


متعلقہ عنوان :