مردوں کے ساتھ کھانا کھانے والی خواتین کو بغیر قیمت کے مینو دینے والے ریسٹورنٹ کو 1 کروڑ روپے جرمانہ

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 30 اکتوبر 2019 23:48

مردوں کے ساتھ کھانا کھانے والی خواتین کو بغیر  قیمت کے مینو دینے والے ..

پیرو کے ایک مشہور ریسٹورنٹ کو کچھ خواتین کے  ساتھ امتیازی  سلوک کرنے پر 62 ہزار ڈالر جرمانہ کر دیا۔یہ ریسٹورنٹ خواتین کو دو مختلف طرح کے مینو دیتا ہے۔

پیرو کے دارالحکومت  لیما  میں حکام نے  ساحل پر واقع ایک مہنگے  ریسٹورنٹ  لا روزا ناؤتیکا کو  2 لاکھ 10 ہزار سول یا 62 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ  ریسٹورنٹ مردوں کے ساتھ کھانا کھانے والی خواتین  کو سنہری رنگ کا  ایسا مینو دیتا تھا  جس پر کھانوں کی قیمتیں درج نہیں ہوتی جبکہ ان کے ساتھ  موجود مردوں کو نیلے رنگ کا مینو دیتے، جس میں  کھانوں کی قیمتیں  درج ہوتی تھی۔

 

ریسٹورنٹ  کے مالک  نے اس مشق کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ اس کامقصد مردوں  کے ساتھ کھانا کھانے والی خواتین  کو قیمتوں کے بارے میں پریشان  ہونے سے بچانا تھا۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹ  کے مالک کے مطابق وہ چاہتے کہ خواتین قیمتوں کے بارے میں پریشان ہونے کی بجائے   رومانوی کھانے سے لطف اندوزہوں۔ تاہم پیرو کے حکام نے اسےخواتین کے خلاف   امتیازی  سلوک قرار دیا ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار دی ڈیفنس آف انٹیلیچوئل پراپرٹی نے پچھلے ہفتے   دو کے مقابلے میں تین ووٹوں سے ریسٹورنٹ کے خلاف فیصلہ دیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔ خواتین کو بھی اسی مینو تک رسائی ہونی چاہیے، جس تک مردوں کو رسائی ہے۔

اس ریسٹورنٹ پر  جرمانہ کرنے کے علاوہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ خواتین اور مردوں کو ایک ہی مینو دیں، اپنے عملے کی تربیت کریں اور واضح جگہ پر ایک نشان آویزاں کریں کہ  یہاں امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ لا روزا ناؤتیکا وہ پہلا ریسٹورنٹ  نہیں جس نےخواتین کو بغیر قیمتوں والا مینو دیا ہو۔ 1980 کی دہائی میں لاس اینجلس کے ایک ریسٹورنٹ   نے بھی خواتین کو بغیر قیمت کا سفید مینو اور مردوں کو قیمتوں کے ساتھ سبز مینو دینا شروع کیا تھا۔ تاہم اس ریسٹورنٹ  پر مقدمہ کر دیا ، جس کے بعد اس ریسٹورنٹ نے اس مشق کو ترک کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :