بھارتی لوگوں کے دماغ دنیا میں سب سے چھوٹے ہوتے ہیں: تحقیق

بھارتیوں کا دماغ نہ صرف مغربی ممالک کے افراد کے مقابلے دماغ چھوٹا ہوتا ہے بلکہ ان کا دماغ کئی مشرقی ممالک کے لوگوں سے بھی چھوٹا ہے، تحقیقاتی رپورٹ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 3 نومبر 2019 15:29

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03نومبر2019ء) ایک سائنسی تحقیقاتی رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ بھارتی لوگوں کے دماغ دنیا میں سب سے چھوٹے ہوتے ہیں۔ بھارتی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارتیوں کا دماغ نہ صرف مغربی ممالک کے افراد کے مقابلے دماغ چھوٹا ہوتا ہے بلکہ ان کا دماغ کئی مشرقی ممالک کے لوگوں سے بھی چھوٹا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت کے لوگ اگرچہ اس وقت ٹیکنالوجی، صحت و کاروبار سے متعلق کام کرنے والے عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، تاہم ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ دراصل بھارتی لوگوں کے دماغ دنیا میں سب سے چھوٹے ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں بھارتی شہر حیدرآباد میں موجود ’انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی‘ اور کینیڈا کی مک گیل اور مونٹریال یونیورسٹی کے ماہرین نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ماہرین نے ابتدائی طور پر 350 افراد کے دماغوں کی تصاویر اور مختلف ٹیسٹ سے ’برین ایٹلس‘ تشکیل دیا جو کسی بھی انسان کے دماغ کے حصوں کو جانچنے کا درست سائنسی طریقہ ہوتا ہے۔ اسی تحقیق کے دوران ماہرین نے 100 بھارتی افراد کے دماغوں کی ایم آر آئی اسکیننگ سمیت دیگر ٹیسٹوں کی مدد سے ’برین ایٹلس‘ کا خاکہ تیار کیا، جس کے بعد ماہرین نے بھارتی افراد کے برین ایٹلس کا موازنہ عالمی افراد کے برین ایٹلس سے کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حیران کن طور پر بھارتیوں کے دماغ دنیا کے دیگر ممالک کے افراد سے قدامت، جسامت، حجم اور ڈیزائن میں مختلف اور چھوٹے پائے گئے۔ بھارتیوں کے دماغ اگرچہ دوسرے ممالک کے لوگوں سے چھوٹے پائے گئے، تاہم اس کے نقصانات نہیں بتائے گئے لیکن اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اس سے ہندوستانی لوگوں میں قبل از وقت الزائمر سمیت دیگر بیماریوں کا پتہ لگایا جا سکے گا۔