حکومت نے شاہد خاقان عباسی کو ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی

میڈیکل بورڈ نے شاہد خاقان عباسی کے ہرنیا کے آپریشن کی سفارش کی تھی، شاہد خاقان عباسی کی ہسپتال منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 3 نومبر 2019 23:56

حکومت نے شاہد خاقان عباسی کو ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 نومبر2019ء) پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی، میڈیکل بورڈ نے شاہد خاقان عباسی کے ہرنیا کے آپریشن کی سفارش کی تھی، شاہد خاقان عباسی کی ہسپتال منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل حکام نے ن لیگ کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ہرنیا کے آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات اور دیگرحکام کونوٹیفکیشن بھجوا دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کو شاہد خاقان کی منتقلی کے لیے فول پروف سیکیورٹی کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں شاہد خاقان عباسی کا معائنہ کیا تھا۔

میڈیکل بورڈ نے شاہد خاقان عباسی کے ہرنیا کے آپریشن کی سفارش کی تھی۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے گردے اورمثانے میں پتھری ہے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گزشتہ روز طبیعت ناساز ہوگئی تھی، پمز ہسپتال میں ان کا معائنہ کیا گیا۔ پمز ترجمان کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو پمز ہسپتال لایا گیا۔

شاہد خاقان کو ہرنیوں کی تکلیف کے باعث پمز ہسپتال لایا گیا۔ ترجمان پمز کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گردوں میں پتھری ہے،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا پمز میں ہرنیہ اور گردوں کا چیک اپ کیا گیا ۔ترجمان پمز کے مطابق سابق وزیراعظم نجی ہسپتال سے علاج کروانا چاہتے ہیں۔ یاد رہے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء ہیں، جو کہ ایل این جی اسکینڈل میں نیب تحقیقات کیلئے زیرحراست ہیں۔