Live Updates

کرتارپور راہداری منصوبے نے کام کر دکھایا، سکھوں کی فلاحی تنظیم نے پاکستان میں 1 کھرب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

سکھ کمیونٹی کی فلاحی تنظیم کے صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران 50 کروڑ پاونڈز کی سرمایہ کاری کرنے کی یقینی دہانی کروا دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 نومبر 2019 00:13

کرتارپور راہداری منصوبے نے کام کر دکھایا، سکھوں کی فلاحی تنظیم نے پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 نومبر2019ء) کرتارپور راہداری منصوبے نے کام کر دکھایا، سکھوں کی فلاحی تنظیم نے پاکستان میں 1 کھرب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا، سکھ کمیونٹی کی فلاحی تنظیم کے صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران 50 کروڑ پاونڈز کی سرمایہ کاری کرنے کی یقینی دہانی کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان سے سکھ کمیونٹی کی فلاحی تنظیم کے صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔

اس ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری بھی موجود تھے اور ملاقات کا اہتمام بھی ان ہی کی جانب سے کروایا گیا۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر مہندر سنگھ نے کرتارپور راہداری کھولنے کے تاریخی فیصلے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا جبکہ ننکانہ صاحب اور کرتارپور راہداری پر ریسٹ ہاؤسز اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

(جاری ہے)

سکھ رہنما نے یقین دہانی کرائی کہ پہلے مرحلے کے دوران 50 کروڑ پاؤنڈز کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے انفرااسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کرنے پر ڈاکٹر مہندر سنگھ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ کرتارپور گوردوارہ ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں واقع ہے جو بھارتی سرحد سے کچھ دوری پر ہے، گوردوارہ دربار صاحب 1539 میں قائم کیا گیا۔

بابا گرونانک نے وفات سے قبل 18 برس اس جگہ قیام کیا اور گرونانک کا انتقال بھی کرتارپور میں اسی جگہ پر ہوا۔ گرو نانک کی سمادھی اور قبر بھی یہیں ہے یہی وجہ ہے کہ کرتارپور سکھوں کے لیے مقدس ترین مقام ہے۔ اب پاکستان بننے کے بعد پہلی مرتبہ حکومت نے کرتارپور کو باقاعدہ طور پر سکھوں کیلئے خصوصی مذہبی مقام میں تبدیل کیا ہے اور اس منصوبے کا افتتاح 9 نومبر کو کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد کرتارپور راہداری منصوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہوں نے دنیا بھر خاص کر بھارت کے سکھوں کے دل جیت لیے ہیں۔ جبکہ اس راہداری منصوبے کے باعث پاکستان کو کثیر زرمبادلہ اور سرمایہ کاری حاصل ہونے کا بھی امکان ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات