ایبٹ آباد کی ماڈل کورٹس نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

جمعرات 7 نومبر 2019 15:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2019ء) ایبٹ آباد کی ماڈل کورٹس نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ 130 میں سے 90 مقدمات کا فیصلہ سنا کر ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان دوست محمد کھوسہ کے حکم پر پورے ملک میں ماڈل کورٹس کا قیام عمل میں لایا گیا، ایبٹ آباد میں پہلی ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ رواں سال مارچ میں شروع کی گئی جبکہ 15 جولائی کو ماڈل سول اپیلٹ کورٹ اور ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ کورٹس کا قیام عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیشن جج زینب الرحمن ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ، ایڈیشنل سیشن جج I نثار محمد خان ماڈل سول اپیلٹ کورٹ اور سینئر سول جج اشتیاق احمد ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ کورٹ میں مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماڈل کورٹس میں 2013ء سے لیکر 2016ء تک کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ ماڈل کورٹس میں روزانہ کی بنیاد پر مقدمات کی سماعت کی جاتی ہے۔ پانچ سے دس شہادتیں گذاری جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ ماڈل کورٹس میں قتل، اقدام قتل، حادثات، منشیات، فیملی اپیل، رینٹ اپیل اور نگرانی کے مقدمات کی سماعت کی جاتی ہے۔