Live Updates

کرتارپور راہداری منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 8 نومبر 2019 15:08

کرتارپور راہداری منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو مبارکباد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) کرتارپور راہداری منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہاگیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ کرتار پور راہداری منصوبہ سکھ برادری کی خوشیوں میں اضافہ کا باعث ہے۔

جس کا اظہار بھارتی سکھ براداری نے بھارتی علاقہ میں پاکستانی پرچم لہرا کر کیا ہے۔یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور پاک فوج کے سربراہ نے خصوصی اور ذاتی دلچسپی لی۔ کرتارپور راہداری کے عظیم منصوبے کو محدود مدت میں مکمل کرایا اور سکھ براداری کو سب سے بڑے گرودوارہ کا تحفہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ کرتارپور گرودوارہ میں سکھ برادری کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے حکومت پاکستان نے بھرپور انتظامات کئے ہیں۔

یہ ایوان پاکستان کی عوام کی طرف سے کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر آنے والے تمام سکھ یاتریوں اور مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔یہ ایوان کرتارپور راہداری کے عظیم منصوبہ کی تکمیل اور افتتاح پر وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ساتھ ساتھ نوجوت سنگھ سدھو اور دنیا بھر کی سکھ برادری کو بھی بھرپور مبارکباد پیش کرتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات