قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں رائونڈ کا پہلا روز مکمل

ناردرن کے فیضان ریاض کی ڈبل سنچری ،بلوچستان کے عظیم گھمن اور عمران بٹ کی نصف سنچریاں

منگل 12 نومبر 2019 00:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز بنالیے ۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محض 15 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن کی ٹیم دبا کا شکار ہوگئی جس کے بعد فیضان ریاض نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر مستحکم پوزیشن پر پہنچادیا۔

فیضان ریاض نے انفرادی طور پر سیزن کی پہلی اور مجموعی طور پر چھٹی ڈبل سنچری اسکور کی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 27 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 211 رنز بنائے۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 143 اور پانچویں وکٹ کے لیے علی سرفراز کے ہمراہ 178 رنز کی شراکت قائم کی۔ علی سرفراز نے 60 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

حماد اعظم 50 اور وقاص احمد 3 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

سندھ کی جانب سے سہیل خان اور میرحمزہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بلوچستان نے سنٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنالیے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ موثر ثابت نہ ہوسکا۔ عظیم گھمن اور اویس ضیا پر مشتمل بلوچستان کی اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اویس ضیا 44 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کے لیے عمران بٹ اور عظیم گھمن کے درمیان 92 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ عظیم گھمن 72 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بلوچستان نے 60.2اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا۔ عمران بٹ 77 اور عمران فرحت 30 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کے خلاف پہلی اننگز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا ہ نے ٹاس کیے بغیر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا تو عمر صدیق اور سمیع اسلم نے ٹیم کو 91 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ سمیع اسلم 38 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ عمر صدیق نے 88 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں اوپنرز کے آٹ ہونے کے بعد سدرن پنجاب کے بلے بازوں نے قدرے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا ۔دن کے اختتام پر سدرن پنجاب نے 75 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا ہ کی جانب سے فاسٹ بالر احمد جمال نے 53 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔