مودی سرکار نے گزشتہ 100روز سے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور بنا رکھا ہے ‘ شاہ محمود قریشی

مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر موثر اقدامات کرنا ہو گا‘ وزیر خارجہ

منگل 12 نومبر 2019 14:57

مودی سرکار نے گزشتہ 100روز سے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور بنا رکھا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مسلسل کرفیو کو 100 روز گزر چکے ہیں ،مودی سرکار نے گزشتہ 100روز سے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور بنا رکھا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 100 روز سے مظلوم کشمیری، بھارتی جبر و استبداد کی چکی میں پس رہے ہیں ،معصوم بچوں اور عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات تک رسائی حاصل نہ ہونے کے سبب ہر طرف موت کے سائے منڈلا رہے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف پاکستان محبتوں کی راہداریاں کھول رہا ہے تو دوسری طرف جمہوریت اور رواداری کی جھوٹی دعویدار بھارتی سرکار کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نماز جمعہ اور نماز عید کی ادائیگی پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں ،مساجد کو مقفل کر دیا گیا ہے ،محرم الحرام اور عید میلاد النبی کے جلوس تک نہیں نکلنے دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاکھوں نہتے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیموں کو آگے بڑھ کر موثر اقدامات کرنا ہو گا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سو روز سے بھوکے پیاسے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے نہتے کشمیریوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں ان کا حق خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا پاکستان، اپنے کشمیری بھائیوں کی قانونی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا ۔