وزیراعلیٰ پنجاب سے کیٹل اینڈ بفلو ریکارڈ آف پاکستان کے وفد کی ملاقات

لائیوسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری سے دیہات میں خوشحالی آئیگی، صوبہ بھر میں لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائیگی،عثمان بزدار

بدھ 13 نومبر 2019 18:27

وزیراعلیٰ پنجاب سے کیٹل اینڈ بفلو ریکارڈ آف پاکستان کے وفد کی ملاقات
لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے کیٹل اینڈ بفلو ریکارڈ آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ۔جس میں مویشیوں میں مختلف بیماریوں کے اسباب، علاج اور بچائو کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری سے دیہات میں خوشحالی آئیگی۔

صوبہ بھر میں لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مویشیوںکو منہ کھر سے بچانے کیلئے زون بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔پنجاب کو منہ کھر فری زون قرار دینے سے لائیوسٹاک کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ پنجاب میں لائیوسٹاک کی ترقی اورفروغ کیلئے منہ کھر کا خاتمہ یقینی بناناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورایورپ منہ کھر فری ہوسکتا ہے تو پنجاب کیوںنہیں ۔

وزیراعلیٰ نے منہ کھر کے خاتمے کیلئے موثر اوردیرپا اقدامات کی ہدایت کی۔ منہ کھر کے مکمل خاتمے کیلئے ویکسی نیشن کے بعد ٹیگنگ کی تجویز پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،وزیراعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،صوبائی مشیر لائیوسٹاک فیصل جبوانہ، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس اورمتعلقہ سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔