میرے خیال میں اس وقت نواز شریف کی حالت قدرے بہتر ہے

خاتون صحافی مہر بخاری نے نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 نومبر 2019 10:37

میرے خیال میں اس وقت نواز شریف کی حالت قدرے بہتر ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے خاتون صحافی مہر بخاری نے کہا کہ اس وقت مجھے لگتا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت قدرے بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت اتنی ہی خراب یا تشویشناک ہوتی تو شریف خاندان تمام زنجیریں توڑ دیتا اور واضح کہہ دیتا کہ جو چاہئیے لے لو ، جو کرنا ہے کر لو، ہم نواز شریف کا سیاسی بیانیہ بھی بعد میں دیکھ لیں گے لیکن ابھی انہیں بیرون ملک جانے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا سب سے بڑا تحفظ یہی تھا کہ آج اگر طبی بنیادوں پر نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی تو کل کو آصف علی زرداری کو بھی دینا پڑے گی ، اُس کے بعد خورشید شاہ کو بھی بیرون ملک علاج کی اجازت دینا پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال کے بعد مسلم لیگ ن کا بیانیہ بے نقاب ہوا ہے۔ خیال رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے کے لیے چار ہفتے کی مشروط ضمانت دی تھی اور کہا تھا کہ بیرون ملک جانے کے لیے سکیورٹی بانڈز جمع کروا دیں۔

تاہم مسلم لیگ ن اور شریف خاندان کا مؤقف ہے کہ عدالت میں پہلے سے ہی مچلکے جمع کروا چکے ہیں، ایسے میں اب شورٹی بانڈز جمع کروانے کا کوئی جواز نہیں بنتا ۔ شریف خاندان اور حکومت کے مابین اسی ڈیڈ لاک کی وجہ سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہو رہا ہے جس پر مزید سوالات اُٹھ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس پر آج دوبارہ سماعت ہو گی۔