Live Updates

پرویز الٰہی نے حکومت کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے اہم بیان دے دیا

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور یہ اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 نومبر 2019 15:42

پرویز الٰہی نے حکومت کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے اہم بیان دے دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 نومبر 2019ء) گزشتہ کئی دِنوں سے پاکستان تحریک انصاف کی وفاق اور صوبوں میں حلیف جماعت مسلم لیگ (ق) کی جانب سے ایسے بیانات سامنے آئے جن سے یہ تاثر مِلا کہ شاید چودھری برادران وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف سے کئی معاملات پر ناراض ہیں۔ جس کے بعد کئی تجزیہ کاروں نے بھی یہ باتیں کہنا شروع کر دیں کہ حکومتی اتحاد میں دراڑ پڑ چکی ہے، جو آگے چل کر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سارے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اوراسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بھی بھرپور حمایت کی۔ آج اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں وفاقی وزیر ہاوٴسنگ طارق بشیر چیمہ اور چودھری پرویز الٰہی کے صاحب زادے مونس الٰہی بھی موجود تھے۔اس موقع پر سیاسی رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتِ حال اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ار ورکنگ ریلیشن میں مزید مضبوطی لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہاکہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے،کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی، ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہوتی ہے، اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی، پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات