جنوبی کوریا میں انسانی کینسر کا مبینہ کامیاب علاج کرنے والی کتوں کی کیڑے مار دوائی ختم ہو گئی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 21 نومبر 2019 23:57

جنوبی کوریا میں انسانی کینسر کا مبینہ کامیاب علاج  کرنے والی کتوں کی ..
کچھ ماہ پہلے  سامنے آنے والی ایک خبر میں ایک شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کا جان لیوا کینسر کتوں کی کیڑے مار دوا سے ختم ہوگیا تھا۔ اب جنوبی کوریا سے بھی ایسی ہی خبریں آ رہی ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کتوں کی کیڑے مار دوا سے کینسر کا کامیاب علاج ہو سکتا ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کےبعد جنوبی کوریا میں کتوں کی کیڑے مار  دوا ناپید ہو گئی ہے۔


مئی میں اوکلاہاما سے تعلق رکھنے والے ایک شخص جو ٹیپن نے دعویٰ کیا تھاکہ  اُن کا جان لیوا کینسر 5 ڈالر قیمت کی کتوں کی کیڑے مار دوا  سے ختم ہوا ہے۔اس خبر کے آنے کے بعد fenbendazole نامی یہ دوا کافی مقبول ہوئی تھی۔ ٹیپن کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کینسر اُن کے پورے جسم میں پھیل گیا ہے اور وہ صرف تین ماہ زندہ رہیں گے۔

(جاری ہے)

ٹیپن آج بھی زندہ اور صحت مند ہیں۔

وہ اپنی معجزانہ صحت یابی کی وجہ fenbendazole کو قرار دیتے ہیں۔ ٹیپن کی خبر ساری دنیا میں وائرل ہوئی تھی لیکن اس کا زیادہ اثر جنوبی کوریا میں ہوا ہے جہاں لوگ fenbendazole کو کینسر سے بچاؤ یا اس کے علاج کے لیے خرید رہے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ دوا مارکیٹ سے ختم ہو گئی ہے۔
اگرچہ ڈاکٹر اور جنوبی کوریا کی حکومت لوگوں کو fenbendazole کے ذیلی اثرات کے بارے میں خبردار کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس کی فروخت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا میں ستمبر میں ٹیپن کی کہانی یوٹیوب ویڈیو کی صورت میں کورین سب ٹائٹلز کے ساتھ وائرل ہوئی تھی۔اس کے بعد جنوبی کوریا کے مریضوں نے امریکی مریض کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا۔ ڈاکٹروں کی طرف سے مریضوں کے fenbendazole لینے کی حوصلہ شکنی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ جنوبی کوریا کی کینسر کی مریض کئی مشہور شخصیات بھی fenbendazole کا استعمال کر رہی ہیں۔ ڈاکٹروں نے اس ساری صورتحال کا ذمہ دار یوٹیوب کو قرار دیا ہے۔