دعا منگی اغوا کیس میں تاجر کی گاڑی استعمال ہونے کا شبہ

کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ سو سائٹی سے 27نومبر کو تاجر سے چھینی گئی کار ممکنہ طور پر ڈیفینس میں دعا منگی کے اغوا کی واردات میں استعمال ہوئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 3 دسمبر 2019 11:23

دعا منگی اغوا کیس میں تاجر کی گاڑی استعمال ہونے کا شبہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر 2019ء) کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ سو سائٹی سے 27نومبر کو تاجر سے چھینی گئی کار ڈیفینس میں دعا منگی کے اغوا کی واردات میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپیکٹر اورنگزیب نے بتایا کہ 27 نومبر کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے مکان نمبر 113 یوکے رہائشی تاجر دانیال جاوید سے ان کے گھر کے سامنے سے کار سوار چار ملزمان نے ہنڈا سوک کار نمبر اے جے ایل 057 اسلحہ کے زور پر چھینی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی ای سی ایچ سوسائٹی سے 27نومبر کو تاجر سے چھینی گئی کار ڈیفینس میں طالبہ دعا منگی کے اغوا کی واردات میں ملوث ہونے کا شبہ کیا جا رہا ہے۔کار چھیننے کے واقعے کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرا دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق 30نومبر کی شب ڈیفینس فیز 6 میں فائرنگ اور طالبہ دعا منگی کے اغوا اکی واردات میں ممکنہ طور پر یہی گاڑی استعمال کی گئی۔

پولیس کے تفتیش ذرائع کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ہو بہو یہی گاڑی دکھائی دے رہی ہے۔جب کہ دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گاڑی شارع فیصل سے ملی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اب گاڑی کا فرانزک کروایا جائے گا۔جب کہ دوسری جانب س کیس کی تحقیقات اب ساؤتھ پولیس کے ساتھ اے وی سی سی کو بھی سونپ دی گئی ہے۔علاوہ ازیں پولیس نے دو افراد کو حراست میں لیا ہے جو طالب علم ہیں۔

دونوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کریم کھرل نے کہا ہے کہ دعا منگی کے اغوا کی تحقیقات پولیس ٹیم کر رہی ہے اور اغوا کے شواہدکی روشنی میں تحقیقات میں پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس سے مبینہ طور پر اغوا کی گئی لڑکی کے معاملے میں پولیس کی تفتیشی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دعا منگی کے ساتھ موجود نوجوان حارث کو لگنے والی نائن ایم ایم گولی کا خول تلاش کر لیا گیا ہے ، امید ہے لڑکی دعا منگی کو جلد بازیاب کرالیں گے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا ہے کہ کہ بغیر تاوان کے دعامنگی کو بازیاب کرایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی لڑکے حارث کی مدعیت میں پولیس کارروائی کی جائے گی ۔