Live Updates

شہباز شریف نے "ان ہاؤس تبدیلی" کے لیے ایم کیو ایم سے رابطہ کر لیا

ایم کیو ایم نے اس کے بدلے اپنی پسندیدہ وزارت کا مطالبہ رکھ دیا۔ عارف حمید بھٹی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 5 دسمبر 2019 10:59

شہباز شریف نے "ان ہاؤس تبدیلی" کے لیے ایم کیو ایم سے رابطہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر2019ء) ملکی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں کی جا رہی ہیں،سینئیر صحافی کے مطابق اس سلسلے میں شہباز شریف خاصے متحرک ہو گئے ہیں۔اسی حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئیر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے "ان ہاؤس تبدیلی" کے لیے ایم کیو ایم سے رابطہ کر لیا۔

اور ایم کیو ایم نے اس کے بدلے اپنی پسندیدہ وزارت کا مطالبہ رکھ دیا ہے۔عارف حمید بھٹی کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بہت قریبی ایک شخص نے انہیں بہت نقصان پہنچایا ہےاور آنے والے دنوں میں ان ہاؤس تبدیلی کا شور پڑنے والا ہے۔عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف،نواز شریف اور آصف علی زرداری سب کا مقصد " ان ہاؤس تبدیلی' ہے۔

(جاری ہے)

اور یہ تمام لوگ نیب کے مقدمات ختم کروانا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں اپوزیشن کی ان شخصیات کی جانب سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سے بھی رابطے کیے گئے ہیں اور انہیں من پسند وزارتیں دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔

ان اراکین قومی اسمبلی کی تعداد 20سے 22 بتائی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما شاہ اویس نورانی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان خود ان ہاؤس تبدیلی کے لیے نام بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ایک ہفتہ پُرانی ہے۔ شاید آپ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ یہ حکومت تبدیل نہیں ہو گی یا اس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

میں آپ کو چار روز پہلے کی ایک بات بتا دوں اور وہ یہ ہے کہ عمران خان ان ہاؤس تبدیلی کے لیے بھی نام تجویز کر چکے ہیں۔ وہ خود کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی لے آئیں گے کیونکہ حالات اتنے بگڑ گئے ہیں۔ حکومت اس وقت دباؤ کا شکار ہے، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نے کہا کہ آپ دیکھ لیجئیے گا، ایسا ہی ہو گا۔ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے جن کا نام آیا ہے اُس کی مخالفت ایک نا اہل شخص نے بھی کی ہےآپ خود تلاش کریں ، ہو سکتا ہے کہ وہ وزیر خارجہ ہی ہوں۔

جس پر میزبان نے کہا کہ عمران خان خود اپنی تبدیلی نہیں کروائیں گے یہ بات ذہن میں رکھیں جس پر شاہ اویس نورانی نے کہا کہ عمران خان اگر خود آیا ہوتا تو وہ اپنی تبدیلی نہ کرواتا ، عمران خان خود تو نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی افواہ نہیں ہے بلکہ یہ آپس میں ڈسکشن ہوئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات