Live Updates

وزیراعظم عمران خان ایم ایل ون میں تاریخی کام کررہے ہیں‘ ایم ایل ون کی تکمیل سے لاہور سے کراچی کا سفر 6 گھنٹے میں اور راولپنڈی کا سفر 8 گھنٹے میں طے ہوگا‘ خسارے کو 5 سال کی بجائے 3 سال میں ختم کر یں گے‘

پاکستان ریلوے 7 کروڑ مسافروں کو سہولت مہیاکررہا ہے‘ سانحہ تیزگام کے متاثرین کو پیسوں کی ادائیگی اگلے سوموار تک کر دی جائے گی‘ 25 دسمبر سے فوڈ کورٹ کا افتتاح کر رہے ہیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی لاہور ریلوے اسٹیشن پرریل کوزین ریستوران کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:10

وزیراعظم عمران خان ایم ایل ون میں تاریخی کام کررہے ہیں‘ ایم ایل ون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان ایم ایل ون میں تاریخی کام کررہے ہیں، اس تاریخی کام سے پاکستان ریلوے ملک کی اکانومی میں ایک تاریخی کردار ادا کرے گی‘کراچی سے پشاورتک ایم ایل ون کے تحت1872کلومیٹر کا یہ ٹریک بغیر کسی پھاٹک اور بغیر کسی کراسنگ کے بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر رائل پام کے تعاون سے ریل کوزین ریستوران کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کررہے ہیں تاکہ مارکیٹ کا مقابلہ کرسکیں‘ ایماندار چیئرمین ریلویز اور آئی جی ریلویز کی تعیناتی سے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کا خاتمہ کردیں گے اور خسارے کو 5 سال کی بجائے 3 سال میں ختم کر یں گے‘ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں سے ہے جہاں پسنجر ٹرینیں منافع میں جاتی ہیں ورنہ پسنجر ٹرینیں نقصان میں اور فریٹ ٹرینیں منافع میں جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرینوں کی باقاعدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اس وقت ہماری باقاعدگی90 فیصد ہے‘ایم ایل ون کے بعد لاہور سے کراچی کا سفر 6 گھنٹے میں اور راولپنڈی کا سفر 8 گھنٹے میں طے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سوموار تک سانحہ تیزگام کے متاثرین تک پیسے پہنچ جائیں گے‘15 لاکھ انشورنس کے 5 لاکھ روپے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اور1 لاکھ روپے میری طرف سے فی کس دیے جائیں گے‘رواں ماہ25 تاریخ کو فریٹ میں کم کیے گئے کرایوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا کیونکہ 25 دسمبر سے ریلوے پر بوجھ بڑھ جاتاہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ 25د سمبر سے فوڈ کورٹ کا افتتاح کرنے جارہے ہیں بعدازاں راولپنڈی اور کراچی میں فوڈ کورٹ بنائے جائیں گے‘ فوڈ کورٹ میں پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہتے ہیں اس کا مقصد اُن کو مارکیٹ سے نکالنا نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ پرائیویٹ سیکٹر مقابلتاً اسی قیمت میں اچھافوڈ دیں ۔انہوں نے کہا کہ 14 دسمبر سے لاہوراسٹیشن سے واہگہ بارڈر کے درمیان ٹرین کا افتتاح کررہے ہیں‘صحافیوں کے لیے پہلے دن کا سفر فری ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے لیے کوئلہ ڈیلیوری سسٹم موجود نہیں ہے ہم فیصل آباد کے لیے کوئلہ ڈیلیوری سسٹم کے لیے کنویئر بیلٹ متعارف کروارہے ہیں بعدازاں جیا بگا میں بھی ایسا ہی سسٹم بنایاجائے گا‘پاکستان ریلوے 7کروڑ مسافروں کو سہولت مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم نے ریلوے کی تاریخ میں ریکارڈ 103 ملین روپیہ ٹکٹوں کے ذریعے اکٹھاکیاہے‘انہوں نے کہا کہ پچھلے 72 سال میں فریٹ کے شعبہ میں توجہ نہیں دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات