sتعلیمی اداروں میں مقامی سیاستدانوں کی مداخلت کو روکا جائے

ھ*سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی ضروری ،طلبہ تنظیمیں ضابطہ اخلاق تیار کریں ، پیر محفوظ مشہدی

اتوار 8 دسمبر 2019 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2019ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ نون کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نئی نسل کو جمہوریت سے روشناس کروانے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کے لیے سیاسی ماحول دینا ضروری ہے ۔ جس کے لئے یونیورسٹیوںاور کالجوں میں اعلی سطح کی کلاسوں میںطلبہ یونینوں کے انتخابات کے لئے حکومت کو لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔

طلبا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محض ادبی محفلوں کی بنیاد پر طلبہ کو سیاسی سرگرمیاں دینا مناسب نہیں ہوگا ،اس کے لئے تعلیمی اداروں میں باقاعدہ طور پر انتخابات کروائیں جائیں اور طلبہ یونین کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی بھی ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کہ ماضی میں ضیا الحق کے طویل مارشل کے بعد بے نظیر بھٹو دور میں طلبہ یونینوں کو بحال کیا گیا اور ان کے انتخابات بھی کروائے گئے لیکن افسوس متحارب طلبہ تنظیموں خاص طور پر ایم ایس ایف،اسلامی جمعیت طلبہ ، انجمن طلبا اسلام اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کی پنجاب اور دیگر صوبوں میں باہمی عداوت کی وجہ سے متعدد طلباء کو اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا، جس کے بعد حکومت نے طلبہ یونینز پر پابندی عائد کردی تھی۔

محفوظ مشہدی نے مطالبہ کیاکہ طلبہ تنظیموں کو یونین انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق تیار کرنا چاہیے جس کی تمام تنظیمیں پابندی کریں اورتعلیمی اداروں میں سیاسی جماعتوں کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ طلباء کی سیاست صرف طلبہ تک ہی محدود رکھی جانی چاہیے۔ تعلیمی اداروں میں سیاستدانوں کی مداخلت کو روکا جائے، اگر ایسا ہوا تو نتیجہ وہی نکلے گا جو پہلے طلبہ یونینز کاہواتھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ووٹ کے ذریعے حاصل کیا گیا اور خود بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی سرپرستی کی ،جس میں بڑے بڑے سیاستدان اور صحافی پیدا ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما شیخ رفیق مرحوم اور نوائے وقت کے بانی حمید نظامی مرحوم بھی ایم ایس ایف کے عہدیدار تھے جنہوںنے ملکی سیاست اور صحافت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح سے طلباء سیاست میں بڑے نام رضاربانی، جاوید ہاشمی، لیاقت بلوچ ، سراج الحق بھی قومی سیاست میںکردار ادا کررہے ہیں اور مختلف جماعتوں میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو تعلیمی اداروں میں ہونے والی طلبہ سیاست میں عدم مداخلت کی یقین دہانی کروانی چاہیے۔ ؁