Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور سمیت 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 10 دسمبر 2019 14:29

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 دسمبر ۔2019ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے ، جس میں مسابقتی کمیشن آٹا،چینی کی قیمتوں میں ناجائز اضافے سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی . تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں شروع ہوگیا ہے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی .

آٹا،چینی کی قیمتوں میں ناجائز اضافے سے متعلق مسابقتی کمیشن کی رپورٹ پیش کی جائے گی اور بجلی اور گیس کی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ کراچی ایئرپورٹ کی اراضی کے ڈومیسٹک اجارہ سکوک کے اجرا پر غور ہوگا .

(جاری ہے)

لوکل گورنمنٹ کمیشن کی تشکیل کی منظوری ، وزارت قومی صحت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی اجازت اور بلوچستان کی خصوصی ایپلیٹ عدالت برائے انسداد اسمگلنگ جج کی تعیناتی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہیں‘او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کی تبدیلی کا معاملہ اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کی گورننگ باڈی کی تشکیل نو کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے .

اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال، چیف الیکشن کمشنر اور اراکان کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی اورکابینہ اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی پر بھی مشاورت ہوگی. کابینہ اراکین کو گیس اور بجلی کی قیمتوں سے متعلق الگ الگ بریفنگ دی جائے گی اور وفاقی کابینہ اپنے گزشتہ فصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی.

یاد رہے گذشتہ ہفتے ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی تھی ، وزیراعظم اور کابینہ نے عالمی معاشی درجے میں بہتری پرمعاشی ٹیم کوشاباش دیتے ہوئے کہا تھا قوم کو معاشی میدان میں مزید خوشخبریاں ملیں گی. کابینہ کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبران کے تقررپربریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 27 اور 28 نومبر کے فیصلوں کاجائزہ لیا اور کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی توثیق کی گئی تھی.

وفاقی کابینہ نے واپڈا کے ممبر پاور، ممبرواٹر کی تقرری ، اسلام آبادمیں کم عمربچوں کی خصوصی عدالت کے قیام اور چیئرمین اکادمی ادبیات کی تقرری کی منظوری دی گئی جبکہ وفاقی کابینہ کویوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی کارکردگی پربریفنگ دی گئی.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات