Live Updates

وزیر زراعت کی پانچ گھنٹے طویل کھلی کچہری ، موقع پر ہی سائلین کی درخواستوں پر احکامات جاری

حکومت عوام کی سابقہ دور کی محرومیاں ختم کر رہی ہی: نعمان لنگریال سرکاری ملازمین عوام اور ورکروں کی تذلیل کرنے سے باز رہیں ،سخت جواب طلبی ہو گی

بدھ 11 دسمبر 2019 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیر زراعت پنجاب نعمان لنگڑیال نے زراعت ہائوس میں پانچ گھنٹے طویل کھلی کچہری کا انعقاد کیا ، کھلی کچہری میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل لنگڑیال، اظہر حیات لنگڑیال ،طلعت بٹ، یوتھ ونگ کے صدر ملک عامر سمیت دیگربھی موجود تھے۔ وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے سائلین کی درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک نعمان لنگڑیال نے کہاکہ جس دن وزارت کاقلمدان سنبھالا تھا اسی روز تہیہ کرلیا تھاکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے شبانہ روز محنت کروں گا اور عوام کی سابقہ دس سالہ دور کی محرومیاں ختم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر زراعت نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ایک وضع دار شخصیت ہیں اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں عمران خان جیسا وزیر اعظم ملا جنہیں کوئی لالچ ہے اور نہ ہی برطانیہ رہنے کا شوق ہے ۔ میرے لیڈر عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اورعمران خان وہ لیڈر ہے جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہیں میں لیڈرنہیں مانتاجن کے گھراورکاروبار برطانیہ میں ہوں اور اب وہ لوگوںکو مزید گمراہ نہیں کرسکتے ۔

میں یقین سے کہتا ہوں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔ بہت جلد عوام کو ڈالر اورپیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری خبر ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں جتنا کسان خوشحال ہوااس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان کو جاتاہے جو زرعی شعبہ کی ترقی میں ہر وقت ہمارے ساتھ مشاورت میں ہیں اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے ۔

پنجاب میں گزشتہ دس سال میںون مین شو تھا جبکہ آج کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار مشاورت سے کئے گئے کاموں کو عزت دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور سرکاری ملازمین سن لیں یہ حکومت عوام کی عزت اور خدمت کرنے آئی ہے اورکوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر عوام اورورکروں کی تذلیل کی گئی تو جواب طلبی ہو گی اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات