افغانستان میں بدترین فضائی آلودگی کے باعث ،17 افراد جاں بحق

فضائی آلودگی سے متاثر آٹھ ہزار سے زائد مریضوں میں سے اکثریت کو سانس لینے میں دشواری کاسامنا ہے،وزارت صحت

جمعرات 2 جنوری 2020 15:21

افغانستان میں بدترین فضائی آلودگی کے باعث ،17 افراد جاں بحق
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2020ء) افغانستان میں بدترین فضائی آلودگی کے باعث کم ازکم 17 افراد جاں بحق ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت صحت کے ایک عہدیدار فدا محمد پیکان نے میڈیا کو بتایا کہ افغانستان بدترین فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث ایک ہفتے میں کم ازکم 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔ان کاکہنا تھاکہ فضائی آلودگی سے متاثر 8 ہزار سے زائد مریضوں میں سے اکثریت کو سانس لینے میں دشواری کاسامنا ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان کے دارالحکومت کابل کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے جو کئی دہائیوں سے خانہ جنگی کا بھی شکار ہے اور شہری سیکیورٹی کے حوالے سے خطرات میں گھرے رہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے نیشنل انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے کابل کی میونسپل انتظامیہ اور وزارت داخلہ کے تعاون سے انسداد آلودگی کی مہم شروع کردی ہے اور شہریوں کو خبردار کیا کہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والے کاروبار کو بند کردیں۔