فیصل آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز، ٹاسک فورس تشکیل

جمعرات 9 جنوری 2020 14:01

فیصل آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز، ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2020ء) فیصل آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اورعوامی مقامات پر تمباکو نوشی روکنے، 18سال سے کم عمر نوجوانوںکو سگریٹ کی فروخت پر پابندی،تعلیمی اداروں کی 50میٹر حدود تک سگریٹ، شیشہ اور تمباکو نوشی سے متعلق دیگر مصنوعات فروخت واستعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد و چیئر مین ٹوبیکو کنٹرول ٹاسک فورس محمد علی نے اے پی پی کو بتایاکہ حکومت نوجوان نسل کو بالعموم جبکہ سکولز ، کالجز ، یونیورسٹیز کے طلباء کو بالخصوص تمباکو نوشی جیسے مضر صحت اور خطرناک نشہ سے روکنے کیلئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت تمام اضلاع میں انسداد تمباکو نوشی قوانین پر عملدر آمد کیلئے ٹوبیکو کنٹرول ٹاسک فورسز کا قیام عمل میںلایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ سگریٹ نوشی ، شیشہ اور تمباکو نوشی سے متعلق دیگر مصنوعات نوجوان نسل کو اندر ہی اندر نہ صرف گھن کی طرح چاٹ رہی ہیں بلکہ انہیں سلو پوائزن کی طرز پر مختلف خطرناک بیماریوں کا بھی شکار بنایا جا رہا ہے۔انہوںنے بتایا کہ نہ صرف ضلع بلکہ تحصیل کی سطح پر بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تحصیل ٹوبیکو کنٹرول ٹاسک فورسز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے نیز ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹرز برائے ٹوبیکو کنٹرول بھی مقرر کئے گئے ہیں جو مسلسل تعلیمی اداروں کے قرب و جوار اور دیگر پبلک مقامات ، ہوٹلز ،نیٹ کیفیز اور شیشہ ہائوسز پر کڑی نظر رکھیں گے اور اگر کسی بھی جگہ ٹوبیکو کنٹرول انسداد ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی تو ذمہ داران کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

دریں اثناء ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل فیصل آباد صادق الحسن نے بھی اے پی پی کوبتایاکہ انسداد تمباکو نوشی قوانین پر عملدر آمد کیلئے بنائی گئی ٹوبیکو کنٹرول ٹاسک فورس میں سٹی پولیس آفیسر ، چیف ٹریفک آفیسر ،سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،ایوان صنعت وتجارت،پنجاب فوڈ اتھارٹی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پاکستان ریلوے کے حکام بھی شامل ہوں گے انسدادتمباکو نوشی قوانین پرعملدرآمد کے سلسلہ میں کنٹرو ل سیل کی معاونت کریں گے۔

انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی،اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ کی فروخت پر پابندی،تعلیمی اداروں کی 50میٹر حدود تک سگریٹ کی فروخت کی ممانعت کے ساتھ ساتھ شیشہ اوردیگر تمباکو نوشی مصنوعات فروخت واستعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ٹاسک فورس کی طرف سے عملدرآمد رپورٹ ہر ماہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کو فراہم کی جائے گی جس کی روشنی میں آئندہ کیلئے لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔