پی ٹی آئی حکومت صوبے کی ترقی کے علاوہ عوام کے حقیقی مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے، پیپلز پارٹی نے جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نظرانداز کیا کیونکہ ان علاقوں میں انہیں مینڈیٹ حاصل نہیں ہے، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سید فردوس شمیم نقوی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 12 جنوری 2020 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2020ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سید فردوس شمیم نقوی نے کراچی کو نقصان پہنچانے پر پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نظرانداز کیا کیونکہ ان علاقوں میں انہیں مینڈیٹ حاصل نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت صوبے کی ترقی کے علاوہ عوام کے حقیقی مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت گزشتہ 12سالوں سے سندھ اور کراچی کے امور چلا رہی ہے لیکن وہ عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم نہیں کر سکی اور لوگ آج بھی بدحالی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں مقامی حکومت کے ایکٹ کے تحت پیپلز پارٹی ترقیاتی فنڈز تقسیم کرنے کی پابندی ہے، بدقسمتی سے پیپلز پارٹی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اس کے رہنما عوام میں مقبولیت کھو چکے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے شمیم نقوی نے کہا کہ حکومت ان کے تحفظات دور کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے صوبے کے امور صحیح طرح سے نہیں چلا رہی وہ کراچی کے معاملات کیا سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے سڑکوں کی خستہ حالت کو بھی نظرانداز کیا، صوبے کے کسی بھی منصوبے میں بدانتظامی کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔