Live Updates

نواز شریف کی لندن میں تصویر، حکومت ایکشن میں آ گئی

پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراض اٹھا دئیے،صوبائی وزیر صحت کی پریس کانفرس میں نواز شریف پر سخت تنقید

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 14 جنوری 2020 12:54

نواز شریف کی لندن میں تصویر، حکومت ایکشن میں آ گئی
لاہور ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 14 جنوری 2020ء) پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراض اٹھا دئیے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھاکہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کوئی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر تک کسی قسم کی رپورٹ نہیں بھیجی گئی۔27 دسمبر کو نواز شریف کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ بھجوائی۔

رپورٹ کی بنیاد پر میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا۔رپورٹ میں وہی پرانی باتیں تھیں کچھ بھی نیا نہیں تھا۔اس رپورٹ میں نواز شریف کی پرانی بیماری کی ہی تشخیص کی گئی۔ فیصلہ ہوا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ نامکمل ہے۔اس میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کے لندن میں ہونے والے ٹیسٹ بھی نہیں لگائے گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں جن بیماریوں کا ذکر ہے وہ ہم پہلے سے جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تصویر پر بہت سے خدشات ہیں۔یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی چائے پیتے ہوئے تصویر دیکھی،جس پر تشویش ہے۔تصویر دیکھنے کے بعد ڈاکٹر عدنان کو فون کیا اور سوال کیا کہ گھومنا پھرنا بھی علاج کا حصہ ہے۔کیا مریم نواز نے نواز شریف کی تیمارداری کرنے کے لیے ریسٹورانٹ میں جانا ہے؟ یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کو لندن میں کیا علاج ہو رہا ہے ہمیں کچھ معلوم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو علاج کے لیے ریلیف دیا،نواز شریف کی بنیاد پر مزید وقت مانگ رہے ہیں۔واضح رہے کہ دو روز سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں لندن کے ایک ہوٹل میں موجود ہیں۔تصویر میں نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف،اسحاق ڈار اور دونوں صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز بھی موجود ہیں،چونکہ نواز شریف ضمانت پر رہا ہیں اور علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں لہذا اس تصویر نے سب کو حیران کر دیا تاہم گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اس کا نوٹس لیا۔

وزیراعظم نے نواز شریف کی ہوٹل میں کھانا کھانے کی تصویر پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کو ٹیلیفون کیا ۔عمران خان نے یاسمین راشد سے استفسار کیا کہ باہر جا کر وہ کھانا کھا رہے ہیں،یہ بیمار ہیں یا تندرست؟۔؟۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے نواز شریف کی فوری رپورٹس منگوائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات