نیب عدالت کی جانب سے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سترہ روز کی توسیع

جمعہ 17 جنوری 2020 18:13

نیب عدالت کی جانب سے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سترہ روز کی توسیع
سکھر۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) نیب عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سترہ روز کی توسیع کرتے ہوئے 3 فروری کو عدالت میں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ نیب راولپنڈی کو بھی ان سے تفتیش کی اجازت دے دی گئی،سکھر کی احتساب عدالت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ اور ان کے 17 ساتھیوں کے خلاف نیب کی جانب سے ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں دائرکردہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کو ایمبولینس پر این آئی سی وی ڈی اسپتال جہاں پر وہ زیر علاج ہیں سے عدالت لایاگیا۔ سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سماعت کے موقع پر ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ ،خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ اور زیرک شاہ ودیگر بھی پیش ہوئے سماعت کے دوران عدالت نے نیب راولپنڈی کی جانب سے خورشید شاہ سے تحقیقات کے لیے دی گئی درخواست پر اسے بھی خورشید شاہ سے تفتیش کی اجازت دے دی اور ہدایت کی کہ خورشید شاہ سے تفتیش سب جیل کے اندر کی جائے اور عدالت نے نیب کو خورشید شاہ کا مزید سترہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ دے دیا گیا اور انہیں دوبارہ 3 فروری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل نیب راولپنڈی کی جانب سے بھی سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ سے تفتیش کے لیے درخواست اور دس سوالات پر مشتمل سوالنامہ جمع کرایا تھا جس پر عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب راولپنڈی کے حکام کو بھی آج 17 جنوری کو طلب کیا تھا سوالنامے میں خورشید شاہ کے وزارت کے دور کے حوالے سے سوالات درج تھے۔