بلوچستان ان کا دوسرا گھر ہے، وہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار

بدھ 22 جنوری 2020 23:27

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان ان کا دوسرا گھر ہے، وہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور مدد اور تعاون کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت تربت سمیت بلوچستان کی ترقی کے لئے قابل تحسین اقدامات کررہی ہے، تربت آکر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے اور وہ تربت کی ترقی دیکھ کر متاثر ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید بلوچ اور علاقے کے قبائلی وسیاسی عمائدین بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان کے لوگوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں خاص کر بلوچستان کے طلباء کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے اور بلوچستان کے لوگوں کو پنجاب میں کاروبار کرنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ ہمارے بلوچ بھائی بھی دوسرے صوبوں کے لوگوں کے ہم پلہ ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے اور بڑے بھائی کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ چھوٹے صوبوں کو آگے بڑھنے میں معاونت فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت صوبے کی ترقی کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات کررہی ہے اور صوبے کے پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے، جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے لئے اس سال کے بجٹ میں ریکارڈ 35فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاکہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے بھی ترقیافتہ علاقوں کے برابر پہنچ سکیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جلد لاہور میں چاروں صوبوں کی ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس سے بین الصوبائی روابط میں اضافہ اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے تربت کا دورہ کیا جو ان کے لئے خوشی کا باعث ہے۔