ورلڈ نمبر ون بیٹسمین، بابراعظم، پہلی مرتبہ ہوم گراوٴنڈکے سامنے قومی ٹیم کی قیادت کریں گے

2007 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران بال پکر کی حیثیت سے قذافی اسٹیڈیم آتا تھا، 13 سال قبل کا واقعہ آج بھی کل کی بات لگتی ہے، کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم

بدھ 22 جنوری 2020 21:04

ورلڈ نمبر ون بیٹسمین، بابراعظم، پہلی مرتبہ ہوم گراوٴنڈکے سامنے قومی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2020ء) دنیائے کرکٹ کے سب سے بہترین بیٹسمین، بابراعظم بنگلہ دیش کے خلاف 24 جنوری بروز جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز میں پاکستان کی قیادت کررہے ہیں۔ 25 سالہ کرکٹر 13 سال قبل اسی گراوٴنڈ میں بال پکر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں، وہ 2007میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیدوسرے ٹیسٹ میچ میں بال پکر رہے۔



بابراعظم نے ستمبر 2016 میں پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا تاہم 4 سال بعد دائیں ہاتھ کے بیٹسمین آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ساتویں بہترین بیٹسمین ہیں۔

بابراعظم دنیائے کرکٹ میں دوسرے بیٹسمین ہیں جن کی ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں رنز بنانے کی اوسط 50 سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

وہ 36 ٹی ٹونٹی میچوں میں50.17 کی اوسط سے1405 رنز بناچکے ہیں۔

بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں رنز بنانے کی اوسط 52 سے زائد ہے۔

بابراعظم کو ستمبر 2019 میں پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے بابراعظم پہلی مرتبہ اپنیہوم گراوٴنڈ، قذافی اسٹیڈیم لاہور،میں کپتان کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے۔

بابراعظم، کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم:

قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہیکہ وہ 2007 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران بال پکر کی حیثیت سے قذافی اسٹیڈیم آتے تھے، 13 سال قبل کا واقعہ آج بھی کل کی بات لگتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیریز میں شامل انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، گریم اسمتھ، جیک کیلس، ہاشم آملااور ڈیل اسٹین جیسے نامور کرکٹرز کو دیکھنے کے لیے روزانہ 3 میل پیدل چل کر گھر سے قذافی اسٹیڈیم پہنچتے تھے۔

بابراعظم نے کہا کہ کرکٹ سے محبت اور اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کی لگن نے ہی انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب تک اپنے کرکٹ کیرئیر میں اسپورٹ کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بابراعظم نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کا سہرا ، پس پردہ رہنے والے ان تمام ہیروز کے نام کرتے ہیں، کوشش ہوگی کہ مستقبل میں بھی ان کی توقعات پر پورا اترسکیں۔

بابراعظم اب تک اپنے ہوم گراوٴنڈ میں 10 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں، جس میں ورلڈالیون کے خلاف سیریز میں 86، 45 اور 48 رنز، 2017 میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 34 رنز، ویسٹ انڈیز کے خلاف 17، 97اور ناقابل شکست 51 رنز سمیت سری لنکا کے خلاف 2019 میں 13، 3 اور 27 رنز پر مشتمل اننگز شامل ہیں۔



کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم بابراعظم کا کہنا ہیکہ اپنے ہوم کراوٴڈ کے سامنے بیٹنگ کے لیے میدان میں جاتے وقت شائقین کرکٹ کا جوش اور ولولہ کسی بھی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ایک طویل عرصہ پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں ممکن نہ ہونے کے اثرات بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا شمار بھی پاکستان کے ان کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے آغاز کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک کرکٹ کھیل کر گزارا۔



بابراعظم نے کہا کہ گذشتہ 10 سالوں میں دیگر ممالک کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کرکٹرز سے موازنہ کیا جائے تو ہماری مشکلات کا اندازہ ہوگاتاہم اب یہ سب ماضی کا حصہ بن چکا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کیکپتان بابراعظم کاکہنا ہیکہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کیاعلان سے لے کر اب تک وہ بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیریز کے لیے منتخب کردہ قومی اسکواڈ بہترین سینئر اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ہوم کراوٴڈ کے سامنے قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا جو24 جنوری کو حقیقت کا روپ دھارے گا۔

بابراعظم نیکہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی صورت میں سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بے شک قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کو گذشتہ 9 میں سے 8میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر انہیں یقین ہیکہ پاکستان کرکٹ ٹیم ، ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی بہترین ٹیم ہے اورہم اس طرز کی کرکٹ میں بہترین نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سیریز کے تمام میچز کی ٹکٹیں www.yayvo.com سے آن لائن بک اور ٹی سی ایس کے مراکز سے خریدی جاسکتی ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری بروز جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔



اسکواڈ:

بابراعظم، کپتان(سنٹرل پنجاب)، احسان علی (سندھ)، عماد بٹ (بلوچستان)، حارث روٴف (ناردرن)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، عماد وسیم (ناردرن)، خوشدل شاہ (خیبرپختونخوا)، محمد حفیظ (سدرن پنجاب)، محمد حسنین (سندھ)، محمد رضوان، وکٹ کیپر( خیبرپختونخوا)، موسیٰ خان (ناردرن)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شعیب ملک (سدرن پنجاب)اورعثمان قادر (سنٹرل پنجاب)۔

شیڈول:

24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی