ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا

ٹرمپ نے 18 مارچ 2009 میں ٹوئٹر جوائن کیا، اب ان کے ٹوئٹر پر تقریباً 7 کروڑ 14 لاکھ 51 ہزار فالوورز ہیں اور وہ اب تک 48 ہزار 147 ٹوئٹس کرچکے ہیں، رپورٹ

جمعرات 23 جنوری 2020 23:33

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوران صدارت سرگرمیوں اور اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والے ادارے ’فیکٹبا ڈاٹ ایس ای‘ کی جاری کردہ رپورٹ کی مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پسندیدہ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک دن میں سب سے زیادہ ٹوئٹ اور ری ٹوئٹس کرنے کا صدارتی ریکارڈ ایک بار پھر اپنے نام کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق 22 جنوری 2020 کو امریکی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 25 منٹ تک امریکی صدر نے ٹوئٹر پر 125 ٹوئٹس و ری ٹوئٹس کیں جو کسی بھی ملک کے صدر کی جانب سے ایک دن میں ٹوئٹس کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ٹرمپ نے اس دوران زیادہ تر وہ ویڈیوز، پیغامات اور تصاویر شیئر کیں جو ان کیخلاف جاری مواخذے کی کارروائی کے خلاف تھیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ اعزاز ڈونلڈ ٹرمپ کو ہی حاصل تھا جو انہوں نے تقریباً ایک ماہ قبل حاصل کیا تھا جب انہوں نے ایک دن میں 123 ٹوئٹس و ری ٹوئٹس کی تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا پہلا ریکارڈ 12 دسمبر 2019 کو بنایا تھا اور یہ وہ دن تھا جب کانگریس کے ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے ان کیخلاف مواخذے کے حوالے سے دو آرٹیکلز کی منظوری دی تھی۔اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کا صدر بننے سے پہلے ایک دن میں سب سے زیادہ ٹوئٹس و ری ٹوئٹس کا اپنا ریکارڈ جنوری 2015 میں قائم کیا تھا جب انہوں نے 161 پوسٹس کی تھیں جن میں سے زیادہ تر ان کے رئیلٹی شو کے حوالے سے تھیں۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 مارچ 2009 میں ٹوئٹر جوائن کیا، اب ان کے ٹوئٹر پر تقریباً 7 کروڑ 14 لاکھ 51 ہزار فالوورز ہیں اور وہ اب تک 48 ہزار 147 ٹوئٹس کرچکے ہیں۔