موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے،مولانا رشید احمد خاکسار

جمعہ 24 جنوری 2020 00:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) جمعیت علماء اسلام یوسی 20 ضلع شرقی کے سیکریٹری جنرل مولانا رشید احمد خاکسار نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے۔ ہوشربا مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ تبدیلی سرکار نے غریب سے ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی۔ناجائز اور نااہل حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ آج ملک میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، عوام آٹے کے حصول کیلئے لائنوں میں گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں جبکہ حکومتی اراکین غریب عوام کا مذاق اڑاتے نظر آتے ہیں۔ اس نااہل حکومت نے لاکھوں لوگوں کو بے گھر اور بے روزگار کردیا ہے۔ آج غریب ایک وقت کی روٹی کیلئے ترس رہا ہے لیکن حکمرانوں کو ملک کی تباہی اور اغیار کی غلامی سے فرصت نہیں۔

(جاری ہے)

تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنایا گیا ہے اور عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کرکے چور دروازے سے حکومت پر قابض ہوئے ،بہت جلد پاکستان کی عوام اس نااہل حکومت اور مہنگائی کے خلاف جمعیت علماء اسلام کے شانہ بشانہ بھرپور احتجاج کریگی اور جمعیت علماء اسلام ایک بار پھر غریب عوام کی آواز بنے گی۔ جمعیت علماء اسلام کا منشور یہ ہے کہ ظالم کے سامنے بغاوت کرکے مظلوم کی آواز بن کر اسکے ساتھ کھڑے ہوجانا ۔جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اس نااہل اور ناجائزحکومت کے خلاف احتجاج کی کال دیدی ہے جسکی تیاریاں ملک بھر میں جاری ہیں۔ انشاء اللہ مستقبل اسلام اور مذہبی جماعتوں کاہے۔