تبدیلی کے خواب دکھانے والوں نے قوم کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا‘پرویز ملک

آٹا سمیت تمام بحران حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہیںجسکی وجہ سے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا‘ خواجہ عمران

جمعہ 24 جنوری 2020 16:02

تبدیلی کے خواب دکھانے والوں نے قوم کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا‘پرویز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک وجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آٹا سمیت اب تک آنے والے تمام بحران حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہیں،یوٹرن حکومت نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے،قوم ناکام اور نالائق حکومت کی رخصتی کا جشن منانے کے لئے تیار رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقوں میںکارکنوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سید توصیف شاہ، رمضان صدیق بھٹی، میاں طارق،نذیر خان سواتی،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ پچاس ہزار نوکریوں کے وعدے سے مکر جانے والے جھوٹے ہیں۔ تبدیلی کے خواب دکھانے والوں نے قوم کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

عوام کمر توڑ مہنگائی کے ہاتھوں لاچار ہی,حکمرانوں پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہے۔ سیلیکٹڈ وزیراعظم چند ماہ کا مہمان ہے۔ وزراء کی بدزبانی اور غیرسنجیدگی نے حکومت کو مذاق بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سچائی اور حقائق کی موجودگی میں چور چور، ڈاکو ڈاکو کا بیانیہ نہیں چل سکتا، نااہلوں کی کمزور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے 80 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے کیوں چلے گئے،مسلم لیگ ن نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں اقتدار کے دوران سی پیک اور دیگر میگا پراجیکٹس کے ذریعے ملکی اثاثوں میں اضافہ کیا جبکہ سلیکٹڈ ٹولے نے 16 ماہ کے دوران ان اثاثوں کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔