ملکہ الزبتھ دوم نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی منظوری دے دی

برسلز میں یورپی یونین کے دو اعلیٰ عہدیدار علیحدگی کے معاہدے پر دستخط،بعدازاںبرطانوی وزیر اعظم دستخط کر دیں گے

جمعہ 24 جنوری 2020 16:39

ملکہ الزبتھ دوم نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی منظوری دے دی
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے ملک کی یورپی یونین سے علیحدگی کی باضابطہ منظوری دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق توقع ہے کہ برسلز میں یورپی یونین کے دو اعلیٰ عہدیدار علیحدگی کے معاہدے پر دستخط کریں گے اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی آئندہ چند روز میں معاہدے پر دستخط کر دیں گے۔

برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی جانب سے انخلا کے بل کی توثیق کے بعد بورس جانسن نے کہا تھا کہ بعض اوقات ایسا لگتا تھا کہ ہم کبھی بھی بریگزٹ کی لائن عبور نہیں کرسکیں گے لیکن ہم نے ایسا کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ اب ہم گزشتہ 3 برس کی تلخیاں اور تقسیم کو پیچھے ڈال سکتے ہیں اور ایک روشن، پٴْرجوش مستقبل کی فراہمی پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بورس جانسن 31 جنوری کو یادگاری سکے جاری اور کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرکے اپنی فتح کا جشن منائیں گے۔برطانوی وزیراعظم ان شرائط کی وضاحت کریں گے جس کے تحت برطانیہ دیگر 27 یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات استوار کرے گا۔یورپی یونین سے باضابطہ مذاکرات مارچ میں متوقع ہے۔دوسری جانب بورس جانسن نے یورپی یونین کے دلائل کو مسترد کردیا کہ جامع معاہدے تک پہنچنے کے لیے سال کے اختتام پر مذاکرات کی آخری تاریخ بہت کم ہے۔